Monday , July 23 2018
Home / Top Stories / پروفیسر کودنڈا رام کی نئی سیاسی جماعت کا آج اعلان

پروفیسر کودنڈا رام کی نئی سیاسی جماعت کا آج اعلان

ترکایمجال میں اجلاس۔ ٹی جے اے سی کے قائدین و سماجی جہد کار مدعو

حیدرآباد 3 فروری ( سیاست نیوز ) تلنگانہ میں اچانک سیاسی ماحول گرما گرم ہوچکا ہے ۔ علحدہ تلنگانہ تحریک میں کلیدی رول ادا کرنے والے کنوینر تلنگانہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی پروفیسر کودنڈا رام نے 4 فروری کو نئی سیاسی پارٹی تشکیل دینے کا اعلان کرتے ہوئے سیاسی حلقوں میں ہلچل مچادی ہے ۔ تلنگانہ تحریک میں تمام سیاسی جماعتوں سرکاری و خانگی ملازمین کی تنظیموں سماجی و رضا کارانہ تنظیموں کے نمائندوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے اور احتجاج کے ذریعہ ریاست و مرکز پر دباؤ بنانے میں اہم رول ادا کرنے والے پروفیسر کودنڈا رام نے بلا آخر نئی سیاسی جماعت تشکیل دینے کا اعلان کیا ہے ۔ علحدہ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد اپنے آپ کو سرکاری و سیاسی عہدوں سے دور رکھنے والے پروفیسر کودنڈا رام نے دھرنا چوک کی برخاستگی ، حصول اراضیات میں کسانوں سے ناانصافی ‘جدوجہد تلنگانہ میں قیمتی زندگیوں سے محروم مجاہدین کے ارکان خاندان کو انصاف دلانے اور فیس ری ایمبرسمنٹ بقایا جات کی اجرائی ، ریت مافیا کے خلاف جدوجہد کرتے ہوئے عوام میں شعور بیدار کرنے مختلف سمینار ، سمپوزیم ، راونڈ ٹیبل کانفرنس کا اہتمام کرتے ہوئے عوامی مسائل اپوزیشن کو متحد کرنے کی کوشش کی تھی ۔ مجاہدین تلنگانہ سے انصاف کے مطالبہ پر انہوں نے جب ریالیاں منظم کی تھی تب حکومت نے جگہ جگہ رکاوٹیں پیدا کرکے پروفیسر کودنڈا رام کا راستہ روکنے کی کوشش کی تھی تب ان پر نئی سیاسی جماعت تشکیل دینے کا دباؤ بڑھ گیا تھا اور وہ نئی سیاسی جماعت تشکیل دینے اپنے ہم خیال شخصیتوں سے تبادلہ خیال کے بعد پارٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کرچکے ہیں ۔ پروفیسر کودنڈا رام نے بتایا کہ نئی سیاسی پارٹی تشکیل دینے کا وقت آگیا ہے ۔ 4 فروری اتوار صبح 10 بجے سے شام تک ترکایمجال کے ساما سرینواس گارڈن میں تلنگانہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا ایک توسیع اجلاس طلب کیا جارہا ہے ۔ اجلاس میں کسانوں کے مسائل و دوسرے امور پر تفصیلی جائزہ لینے کے بعد نئی سیاسی پارٹی تشکیل دینے کا باضابطہ اعلان کیا جائیگا ۔ اس پر مزید مذاکرات کی ضرورت نہیں ہے ۔ نئی سیاسی پارٹی تشکیل دینے کے لیے کئی ناموں کی سفارش ہورہی ہے ۔ پارٹی کا نام کیا ہوگا اس کا جلد اعلان کیا جائے گا ۔ پروفیسر کودنڈا رام نے کہا کہ نئی سیاسی جماعت تشکیل دینے کے باوجود تلنگانہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی برقرار رہے گی ۔ اتوار کو منعقد ہونے والے توسیعی اجلاس میں تلنگانہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے قائدین کے بشمول کئی سماجی جہد کاروں ، ماہرین مختلف شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیتوں کو مدعو کیا گیا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT