Sunday , November 19 2017
Home / کھیل کی خبریں / پریشان حال ممبئی کی آج طاقتور آر سی بی کیخلاف آزمائش

پریشان حال ممبئی کی آج طاقتور آر سی بی کیخلاف آزمائش

ممبئی ، 19 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کامیاب کھیل پیش کرنے میں بار بار چوک جانے والے ممبئی انڈینس جو اپنی ٹیم ترکیب کو درست کرنے کی جدوجہد سے دوچار ہیں، اب اُن کا مقابلہ رائل چیلنجرز بنگلور کی طاقتور بیٹنگ سے رہے گا، جو کل یہاں وانکھیڈے اسٹیڈیم میں ممکنہ طور پر دھماکو آئی پی ایل میچ ثابت ہونے کی توقع ہے۔ دوسری طرف آر سی بی کو اپنے اہم بولروں کی غیرموجودگی میں بولنگ ترکیب کو درست کرنے میں دقت کا سامنا ہے۔ اُن کے آسٹریلیائی اسٹرائیک بولر مچل اسٹارک کو پورے سیزن کیلئے خارج از امکان قرار دیا گیا ہے اور کفایتی لیگ اسپنر سامیول بدری نے ورلڈ T20 چمپئن شپ میں ویسٹ انڈیز کی فاتحانہ مہم کے دوران انجری میں مبتلا ہونے کے بعد ابھی تک اِس ٹی ٹوئنٹی لیگ میں کوئی میچ نہیں کھیلا ہے۔ ایم آئی اور آر سی بی نے آئی پی ایل کے نتائج کی اسکور لائن دیکھیں تو 2008ء سے آپس میں کافی سخت مسابقت کا مظاہرہ کیا ہے جیسا کہ میزبانوں کے حق میں 9-8 کے اعداد وشمار سے ظاہر ہوتا ہے۔ تاہم میزبان ٹیم کو رواں سیزن چار مقابلوں میں تین بار شکست ہوچکی ہے، جن میں حالیہ دو مقابلے شامل ہیں،

جبکہ وہ اُس کراؤن کو برقرار رکھنے کی سعی کررہے ہیں، جسے انھوں نے 2015ء میں کچھ اسی طرح کی ناقص شروعات کے بعد جیتا تھا۔ گزشتہ سیزن دونوں ٹیموں کا باہمی اسکور 1-1 رہا، جس میں ہر ٹیم نے دیگر کو اُس کے ہوم گراؤنڈ پر ہرایا تھا۔ ویراٹ کوہلی زیرقیادت آر سی بی ٹیم یہ اہم میچ میں اس پس منظر کے ساتھ کھیلنے والی ہے کہ انھیں اپنے گزشتہ مقابلے میں جنوبی افریقی وکٹ کیپر؍ بیٹسمن کوئنٹن ڈی کاک کی ماہرانہ سنچری نے زیر کیا ہے ، جو اِس سیزن کسی بھی بیٹسمن کی پہلی سنچری ثابت ہوئی، اور اب انھیں اپنی بولنگ ترکیب کو تیزی سے سدھار لینے کی ضرورت ہے۔ دو مرتبہ کے ٹائٹل ونرز ایم آئی کو رواں سیزن اپنے دونوں ہوم میچز میں شکستیں ہوئی ہیں۔ آئی پی ایل کی دونوں نئی ٹیموں رائزنگ پونے سوپرجائنٹس اور گجرات لائنز نے انھیں ہرایا ہے۔ چنانچہ وہ اپنے روایتی ہوم گراؤنڈ وانکھیڈے اسٹیڈیم میں طے بقیہ دو مقابلوں میں ضرور کامیابی درج کرانا چاہیں گے، قبل اس کے کہ وہ جئے پور کو منتقل ہوجائیں، بقیہ سیزن کیلئے اُن کا نیا ہوم گراؤنڈ رہے گا۔ ممبئی کا ٹاپ آرڈر ابھی تک بہت مایوس کن رہا ہے ماسوائے میچ بمقابلہ کولکاتا نائٹ رائیڈرز ، جو ایک اور دو مرتبہ کی چمپئن ٹیم ہے، جب کیپٹن روہت شرما نے شاندار 84 ناٹ آؤٹ کے ذریعے ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کرایا تھا۔ دوسری طرف آر سی بی کی طاقت اُن کے ٹاپ آرڈر کے چار دھماکو بیٹسمنوں میں مضمر ہے، جو کرس گیل، کپتان کوہلی، اے بی ڈی ولیرز اور شین واٹسن ہیں۔

TOPPOPULARRECENT