Tuesday , October 16 2018
Home / کھیل کی خبریں / پشاور زلمی کو بڑا جھٹکا، زخمی شکیب الحسن ایونٹ سے باہر

پشاور زلمی کو بڑا جھٹکا، زخمی شکیب الحسن ایونٹ سے باہر

دبئی۔21 فبروری(سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان سوپر لیگ (پی ایس ایل) کے آغاز سے قبل ہی پشاور زلمی کے اہم کھلاڑی شکیب الحسن زخمی ہونے کی وجہ سے تیسرے ایڈیشن سے باہر ہوگئے۔بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے دنیا کے نمبر ایک آل راؤنڈر شکیب الحسن اس وقت انگلی کی تکلیف میں مبتلاء ہیں جس سے وہ تیزی سے صحت یاب ہونے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم وہ 22 فروری کو شروع ہونے والے پی ایس ایل کا حصہ نہیں ہوں گے۔پی ایس ایل کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ شکیب الحسن گزشتہ ایونٹ کی چیمپیئن پشاور زلمی کے اسکواڈ کا حصہ ہیں اور ان کے ایونٹ سے باہر ہونے کے بعد بنگلہ دیش کے ہی شبیر رحمٰن پشاور زلمی کا حصہ ہوں گے۔شکیب الحسن سری لنکا کے خلاف سہ رخی سیریز کے فائنل میں زخمی ہوئے تھے، جس کے بعد انہیں آرام کا مشورہ دیا گیا تھا۔شبیر رحمٰن پشاور زلمی کے لیے ابتدائی میچوں کے لیے دستیاب ہوں گے جبکہ ایونٹ دیگر میچز کے لئے انگلینڈ کے لیام ڈاسن ٹیم کا حصہ ہوں گے۔خیال رہے کہ پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن کے آغاز سے قبل ہی پشاور زلمی کی ٹیم مشکلات سے دوچار ہے اور نوجوان فاسٹ بولر حسن علی کی بھی زخمی ہونے کے سبب لیگ کے ابتدائی میچوں میں شرکت غیر یقینی ہو گئی۔یاد رہے کہ ایونٹ کا کل آغاز 22 فروری کو ہورہا ہے جہاں دفاعی چیمپیئن پشاور زلمی ایونٹ میں پہلی مرتبہ شرکت کرنے والی ٹیم ملتان سلطانز سے مدِ مقابل ہوگی۔

TOPPOPULARRECENT