Tuesday , December 12 2017
Home / Top Stories / پلوامہ اور بارہمولہ میں دوبارہ کرفیو

پلوامہ اور بارہمولہ میں دوبارہ کرفیو

علحدگی پسندوں کی احتجاجی جلوس نکالنے کی اپیل ‘ احتجاج میں 22ستمبر تک توسیع

سرینگر ۔ 19ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) کشمیر کے اضلاع پلوامہ اور بارہمولہ میں آج دوبارہ کرفیو نافذ کردیا گیا ۔ جب کہ وادی کے دیگر علاقوں بشمول سرینگر میں یہ پہلے ہی سے جاری ہے ۔ علحدگی پسندوں نے آج تینوں اضلاع سے احتجاجی جلوس نکالنے کی اپیل کی ہے ۔ پولیس کے عہدیدار نے کہا کہ تحدیدات علحدگی پسندوں کے احتجاجی جلوس کے پیش نظر نظم و قانون کی صورتحال برقرار رکھنے کے مقصد سے کرفیو دوبارہ عائد کیا گیا ہے ۔ وادی کے دیگر علاقوں میں عوامی اجتماعات پر تحدیدات جاری رہیں گے ۔علحدگی پسندوں نے اپنے احتجاجی پروگرام میں 22ستمبر تک توسیع کردی ہے ۔ بارہمولہ ‘ سرینگر اور پلوامہ سے احتجاجی جلوس نکالنے کی اپیل کی ہے ۔ بندی پورہ اور کپواڑہ کے عوام بارہمولہ تک شوپیان ‘ کلگام اور اننت ناگ کے عوام پلوامہ تک اور گندربل اور بٹگام کے عوام سرینگر تک احتجاجی جلوس نکالیں گے ۔ دریں اثناء معمولات زندگی وادی کشمیر میں مسلسل 73ویں دن مفلوج رہیں ‘کیونکہ علحدگی پسندوں کی زیر سرپرستی ہڑتال کا اعلان کیا گیا ہے ۔ دکانیں ‘ تجارتی ادارے ‘ پٹرول پمپس ‘ اسکولس ‘ کالجس اور دیگر تعلیمی ادارے ہنوز بند ہیں ۔ سڑکوں پر سرکاری گاڑیاں نہیں چل رہی ہیں ۔ موبائیل ٹیلی فونس سوائے بی ایس این ایل کے پری پیڈکنکشنس اور انٹرنیٹ خدمات کے ہنوز پوری وادی کشمیر میں منقطع ہیں ۔

TOPPOPULARRECENT