Monday , November 20 2017
Home / Top Stories / پلیٹ گنس کے استعمال سے نوجوانوں میں نفرت اور بڑھے گی

پلیٹ گنس کے استعمال سے نوجوانوں میں نفرت اور بڑھے گی

حکومت اپنے ہی نوجوانوں کو بینائی سے محروم کس طرح کرسکتی ہے ؟ غلام نبی آزاد
نئی دہلی ۔ /26 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) سینئر کانگریس لیڈر غلام نبی آزاد نے سی آر پی ایف سربراہ کے اس بیان پر انتہائی افسوس کا اظہار کیا کہ کشمیر میں پلیٹ گنس کے استعمال کے سوا کوئی اور راستہ نہیں تھا ۔ انہوں نے کہا کہ اسے ریاست کے عوام بالخصوص نوجوان مزید دور ہوجائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سی آر پی ایف کے ڈائرکٹر جنرل کا یہ بیان وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کی کشمیر سے واپسی کے فوری بعد جاری کیا گیا ۔ جس سے یہ اشارہ ملتا ہے کہ اس اقدام کو حکومت کی رضامندی حاصل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہند کے اس طرح کے فیصلے جموں و کشمیر کے عوام بالخصوص نوجوانوں میں نفرت کو بڑھاوا دیں گے ۔ ڈائرکٹر جنرل سی آر پی ایف کے درگا پرساد پر جموں و کشمیر میں طاقت کے ضرورت سے زیادہ استعمال کا الزام ہے ۔ انہوں نے وادی میں پلیٹ گنس کی فائرنگ سے نوجوانوں کے زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ۔ تاہم کہا کہ انتہائی حالات میں اس غیرمہلک ہتھیار کا استعمال جاری رہے گا ۔ قائد اپوزیشن راجیہ سبھا غلام نبی آزاد نے کہا اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ مرکزی حکومت نے یہ ہدایت جاری کی ہے ۔ بصورت دیگر وہ اس طرح کا بیان نہیں دیتے ۔ انہوں نے کہا کہ پلیٹ گنس انتہائی مہلک ہتھیار ہیں جس کی وجہ سے ہزاروں افراد نابینا ہوگئے ہیں ۔ انہوں نے کہا آخر حکومت اپنے ہی لوگوں بالخصوص نوجوانوں کو کس طرح بینائی سے محروم کرسکتی ہے ۔

 

پلیٹ گنس :مرکز سے رپورٹ طلبی
سرینگر ۔ /26 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) سکیورٹی فورسیس کی جانب سے احتجاجیوں پر پلیٹ گنس فائرنگ کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے جموں و کشمیر ہائیکورٹ نے آج غیر تربیت یافتہ افراد کے ذریعہ اس مہلک ہتھیار کے استعمال پر مرکز سے رپورٹ طلب کی ہے ۔چیف جسٹس این پال وسنت کمار اور جسٹس مظفر حسین عطار پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے مفاد عامہ کی ایک درخواست کی سماعت کرتے ہوئے کہا کہ’’ یہ آپ ہی کے لوگ ہیں ، انہیں غصہ ہے اور وہ احتجاج کررہے ہیں ۔ اس کا یہ مطلب نہیں کہ آپ انہیں معذور بنادیں ۔ آپ کو ان کا تحفظ کرنا چاہئیے ۔ امید ہے کہ پلیٹ گنس کے استعمال پر نظرثانی کی جائے گی ‘‘ ۔ عدالت نے حکومت سے کہا کہ وہ ہجوم کو قابو میں کرنے کیلئے پلیٹ گنس کے بجائے کوئی متبادل راستہ تلاش کرے ۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ غیرتربیت یافتہ سکیورٹی عملہ کی جانب سے پلیٹ گنس کا استعمال بھی زیادہ تعداد میں نوجوانوں کے زخمی ہونے کی ایک اہم وجہ ہے ۔ جب غیر تربیت یافتہ شخص اس کا استعمال کرتا ہے تو یہ مہلک ہتھیار بن جاتا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT