Monday , January 22 2018
Home / کھیل کی خبریں / پنجاب اور راجستھان کے درمیان آج دلچسپ ٹکراؤ متوقع

پنجاب اور راجستھان کے درمیان آج دلچسپ ٹکراؤ متوقع

موہالی ۔ 22 مئی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) آئی پی ایل کے رواں سیزن میں کنگس الیون پنجاب نے سرفہرست ٹیم ہونے کے اعزاز کے ساتھ آئندہ مرحلے پلے آف میں رسائی حاصل کرلی ہے ، تاہم کل اس کا مقابلہ راجستھان رائلس سے ہوگا جہاں حریف ٹیم کامیابی کے ذریعہ پلے آف میں اپنی رسائی کے امکانات کو مستحکم کرنے کے لئے کوشاں ہوگی ۔ گزشتہ رات پنجاب کو ممبئی انڈینس کے خلاف شکست برداشت کرنی پڑی جس کے باوجود وہ 12 مقابلوں میں 18 نشانات کے ذریعہ پہلے مقام پر فائز ہے جبکہ راجستھان 12 مقابلوں میں 14 نشانات کے ساتھ کولکتہ نائیٹ رائیڈرس کے ہمراہ تیسرے مقام پر فائز ہے ۔ کولکتہ سے راجستھان کا رن ریٹ بہتر ہونے کی وجہ سے اسے اپنے حریف پر سبقت حاصل ہے ۔ راجستھان کو بھی اس مقابلے میں شرکت سے قبل ممبئی انڈینس کے خلاف 25 رنز کی شکست برداشت کرنی پڑی

جس کی اہم وجہ ٹیم کے کلیدی کھلاڑی اجینکے رہانے اور اسٹیون اسمتھ کو آرام دینے کا فیصلہ رہا ۔ گزشتہ مقابلے میں کرون نیر نے 48 رنز اور براڈ ہاج نے 40 رنز بنانے کے علاوہ لوور آرڈر میں جیمس فالکنر نے 31 رنز کی اننگز کھیلی ، تاہم کوئی بھی بیٹسمین بہتر شروعات کو بڑی اننگز میں تبدیل نہیں کرپایا اور 179 رنز کے تعاقب میں راجستھان کو 25 رنز کی شکست برداشت کرنی پڑی ۔ پنجاب کے خلاف کل کھیلے جانے والے مقابلے میں اسمتھ اور رہانے کی واپسی ممکن ہے تاکہ پنجاب کے خلاف بیٹنگ شعبہ کو مستحکم کیا جاسکے ۔ دوسری جانب کنگس الیون پنجاب کو بھی اپنے گزشتہ مقابلے میں 157 رنز اسکور کرنے کے بعد ممبئی انڈینس کے خلاف ہی شکست برداشت کرنی پڑی جس میں حریف اوپنر لینڈل سیمنس نے ناقابل تسخیر سنچری اسکور کی ہے ۔

اپنے گھریلو میدان میں پہلا مقابلہ کھیلتے ہوئے کنگس الیون پنجاب نے مقامی شائقین کو مایوس کیا ہے لیکن جارج بیلی نے عزائم کا اظہار کیا کہ آئندہ دو مقابلوں میں ان کی ٹیم گھریلو شائقین کو مایوس نہیں کرے گی ۔ ممبئی انڈینس کے خلاف میڈل آرڈر کا ناکام ہونا ٹیم کیلئے تشویش کا باعث ہے کیونکہ ٹیم چند ایک کھلاڑیوں پر حد سے زیادہ انحصار کررہی ہے ۔ مقامی شائقین کو امید ہے کہ ٹورنمنٹ میں کامیاب ترین ثابت ہورہے آسٹریلیائی دھماکو بیٹسمین گلین میکسویل یہاں ایک اور شاندار اننگز کھیلتے ہوئے چھکے چوکوں کی بارش کریں گے ۔ گزشتہ روز کنگس الیون پنجاب کے لئے مقامی شائقین نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈس تھام رکھے تھے

جس میں میکسویل کو روایتی سکھوں کے لباس میں ظاہر کرنے کے علاوہ ان کا نام گلین پریت سنگھ میکسویل تحریر تھا لیکن شائقین کو انتہائی مایوسی ہوئی کیونکہ گلین پریت سنگھ (میکسویل) صرف 2 رنز بناکر ہی پویلین لوٹ گئے ۔ کنگس الیون پنجاب کا بیٹنگ شعبہ طاقتور ہونے کے علاوہ چینائی سوپر کنگس کے خلاف دو مرتبہ اور سن رائیزرس حیدرآباد کے خلاف ایک مرتبہ 200 رنز کا کامیاب تعاقب کیا ہے ۔ کل پنجاب کے لئے ضروری ہے کہ اس کے دو اہم کھلاڑی میکسویل اور ڈیوڈ ملر پھر ایک مرتبہ تیز رفتار بیٹنگ کریں ، جبکہ منن ووہرا نے تیز رفتار شروعات فراہم کرتے ہوئے خود کو ایک بہتر اوپنر ثابت کیا ہے ۔ علاوہ ازیں ویریندر سہواگ نے بھلے ہی زیادہ بڑی اننگز نہیں کھیلی ہیں لیکن انھوں نے ٹیم کو ہمیشہ ہی بہتر شروعات فراہم کی ہے ۔ کپتان جارج بیلی ٹیم کے بیٹنگ شعبہ کو گہرائی فراہم کررہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT