Wednesday , May 23 2018
Home / کھیل کی خبریں / پنجاب اور کولکتہ میں آج پلے آف کو مستحکم کرنے کا مقابلہ

پنجاب اور کولکتہ میں آج پلے آف کو مستحکم کرنے کا مقابلہ

اندور۔11 مئی(سیاست ڈاٹ کام) آئی پی ایل11 کے پلے آف کی دعویداری کے لئے اب ہر میچ کرو یا مرو کا مقابلہ ہوتا جا رہا ہے ۔کنگز الیون پنجاب اور کولکاتا نائیٹ رائیڈرز کے درمیان ہفتہ کو ہونے والے میچ میں دعویداری مستحکم کرنے کے لئے سخت مقابلہ ہوگا۔پنجاب کی ٹیم 10 میچوں میں چھ فتوحات اور 12 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے مقام پر ہے اور پلے آف کے لئے اسے باقی چار میچوں میں سے دو میچ میں جیت کی ضرورت ہے ۔ دوسری طرف کولکاتا کے 11 میچوں میں پانچ فتوحات اور 10 پوائنٹس ہیں۔کولکتہ کے لئے اب ہر مقابلہ کرو یا مرو کا مقابلہ بن گیا ہے ۔اسے پلے آف میں جانے کے لئے باقی تینوں میچ جیتنے ہیں۔پنجاب کو اس میچ کے بعد رائلس چیلنجرز بنگلور، ممبئی انڈینز اور چینائی سوپرکنگس سے کھیلنا ہے جبکہ کے کے آر کو اس میچ کے بعد راجستھان رائلس اور سن رائزرس حیدرآباد سے کھیلنا ہے ۔اس مقابلے میں دنیش کارتک کی ٹیم کولکتہ کو جیت کی اشد ضرورت ہے کیونکہ اسے شکست کی صورت میں اسے باقی دونوں میچ جیتنے ہوں گے اور باقی ٹیموں کے میچوں کے نتائج پر نظر رکھنی ہوگی۔کولکتہ کی ٹیم نے ممبئی انڈینس سے اپنا گزشتہ مقابلہ 102 رنز کے بڑے فرق سے گنوایا تھا اور اس سے پہلے بھی وہ ممبئی انڈینس سے 13 رنز سے ہاری تھی۔کولکتہ اور پنجاب کے درمیان گزشتہ مقابلہ کولکتہ کے ایڈن گارڈن میدان میں ہوا تھا جس میں پنجاب نے ڈک ورتھ لوئیس ضابطے کے تحت نو وکٹ سے کامیابی حاصل کی تھی۔پنجاب کی ٹیم بھی اپنا گزشتہ مقابلہ جے پور میں راجستھان کے خلاف 15 رنز سے گنوانے کے بعد اس مقابلے میں اتر رہی ہے ۔تاہم پنجاب نے اندور میں اپنے گزشتہ مقابلے میں راجستھان کو چھ وکٹ سے شکست دی تھی۔دونوں ٹیمیں اس میچ سے اپنا موقف مضبوط کرنا چاہیں گی تاکہ آگے کے میچوں کے لئے اگر مگر کی حیثیت سے بچ سکیں۔اسے دیکھتے ہوئے مقابلہ کافی دلچسپ ہونے کی توقع ہے ۔رواں سیزن پلے آف سے باہر ہو چکے دہلی ڈئیر ڈیولس ہفتہ کو یہاں فیروز شاہ کوٹلہ میدان میں ہونے والے مقابلے میں ہندستانی کپتان ویراٹ کوہلی کی ٹیم رائل چیلنجرز کا کھیل خراب کر سکتے ہیں۔دہلی کی ٹیم کل اپنے گھریلو کوٹلہ میدان میں سن رائزرس حیدرآباد کے خلاف نو وکٹ سے شکست کے بعد پلے آف کی دوڑ سے باہر ہو چکی ہے جبکہ بنگلور کے لئے یہ کرو اور مرو کا مقابلہ ہے اور ہارنے کی صورت میں وہ بھی پلے آف کی دوڑ سے باہر ہو سکتی ہے ۔کوٹلہ دہلی کے کوہلی کا اپنا گھریلو میدان ہے اور دہلی کے باہر ہو جانے کے بعد کوہلی کو کوٹلہ میں بھرپور حمایت ملنا طے ہے ۔بنگلور 10 میچوں میں سات شکست اور تین جیت درج کئے ہیں اور وہ چھ پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل میں دہلی سے ایک مقام اوپر ساتویں نمبر پر ہے ۔بنگلور اگر اس میچ میں کامیاب ہوتی ہے تو اس کی امیدیں برقرار رہیں گی اور اگر اس نے میچ گنوایا تو دہلی کی طرح اس کا بوریا بسترا بھی بندھ جائے گا۔دوسری طرف دہلی اپنی بچی کھچی ساکھ کے لئے لڑے گی تاکہ وہ ٹورنمنٹ میں ناکام ہونے سے بچ سکے ۔دہلی اب اپنے باقی میچوں میں دوسری ٹیموں کے کھیل ہی خراب کر سکتی ہے اور وہ18 مئی کو چینائی سوپرکنگس سے اور20 مئی کو ممبئی انڈینز سے کھیلے گی ۔

TOPPOPULARRECENT