Thursday , November 23 2017
Home / سیاسیات / پنجاب میں بی جے پی کے 17امیدواروں کا اعلان

پنجاب میں بی جے پی کے 17امیدواروں کا اعلان

6 ارکان اسمبلی کا نام معلنہ فہرست سے خارج
نئی دہلی۔/12جنوری، ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی نے آج پنجاب میں پارٹی امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا ہے لیکن دیگر 6 نشستوں کیلئے جہاں پر پارٹی کے موجودہ ارکان اسمبلی ہیں اعلان کو روک دیا ہے جس سے یہ اشارہ ملتا ہے کہ انہیں ٹکٹ سے محروم کردیا جائیگا۔6 نشستوں میں 4 میں ایس اے ڈی ۔ بی جے پی حکومت کے وزراء نمائندگی کرتے ہیں جس میں 2ارکان کو 75 سال سے زائد عمر ہونے پر سبکدوش کردیا جائیگا۔بعض ارکان کے امکانات موہوم نظر آرہے ہیں کیونکہ اتحاد کے 10سالہ اقتدار کی وجہ سے حکومت مخالف لہر اندیشہ ہے۔ مرکزی وزیر جے پی نڈا جوکہ پارٹی کے سنٹرل الیکشن کمیٹی کے سکریٹری ہیں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ مابقی امیدواروں کا اعلان بہت جلد کیا جائیگا جبکہ 17 نشستوں کیلئے معلنہامیدواروں میں بی جے پی کے موجودہ 12 ارکان اسمبلی ہیں۔ علاوہ ازیں امرتسر لوک سبھا کے ضمنی انتخابات کیلئے راجندر موہن سنگھ چنا کو نامزد کیا گیا ہے۔ یہ نشست کانگریس لیڈر امریندر سنگھ کے استعفی کے باعث مخلوعہ ہوگئی ہے جنہوں نے 2014 کے انتخابات میں مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی کو شکست دی تھی۔ نوجوت کور سدھو کی مخلوعہ نشست مشرقی امرتسر سے راجیش ہانی مقابلہ کریں گے جو کہ اپنے شوہر نوجوت سنگھ سدھو کے ساتھ بی جے پی سے مستعفی ہوکرکانگریس میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔ بی  جے پی کے نیشنل سکریٹری ترون پھوگر امرتسر سنٹرل سے مقابلہ کریں گے۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ کل شام منعقدہ سنٹرل الیکشن کمیٹی کا اجلاس جس میں وزیر اعظم نریندر مودی اور پارٹی صدر امیت شاہ نے شرکت کی تھی امیدواروں کے ناموں کو قطعیت دی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ بعض ارکان اسمبلی کو سبکدوش کئے جانے کے مسئلہ پر اختلاف رائے کی وجہ سے قطعی فیصلہ میں تاخیر ہوگی۔ واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی کے انتخابات 4فبروری کو منعقد ہوں گے جبکہ پرچہ نامزدگیاں داخل کرنے کی آخری تاریخ 18جنوری ہے۔ حکمران اتحاد شرومنی اکالی دل اور بی جے پی کو کانگریس اور عام آدمی پارٹی سے سخت مقابلہ درپیش ہے۔ جبکہ ریاست میں  عاپ تیسری سیاسی طاقت بن کر ابھری ہے۔

TOPPOPULARRECENT