Friday , October 19 2018
Home / Top Stories / پنجاب نیشنل بنک دھوکہ دہندگان کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائیگا

پنجاب نیشنل بنک دھوکہ دہندگان کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائیگا

این ڈی اے حکومت اسکام میں ملوث افراد کا ہرگز تحفظ نہیں کرے گی، مرکزی وزیر نتن گڈکری کا بیان
ممبئی ۔ 23 فروری (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر اور بی جے پی لیڈر نتن گڈکری نے آج کہا کہ پنجاب نیشنل بنک کے دھوکہ دہندگان کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ این ڈی اے حکومت کسی بھی اسکام میں ملوث افراد کا ہرگز تحفظ نہیں کرے گی۔ گڈکری ایک سوال کا جواب دے رہے تھے کہ پنجاب نیشنل بنک میں 11,400 کروڑ روپئے کا دھوکہ دیا گیا ہے۔ اس کے خاطیوں کے خلاف آیا کارروائی کی جائے گی۔ گڈکری نے یہاں منعقدہ ایک پروگرام ’’چوپالا‘‘ میں حصہ لینے والوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اسکام کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔ ہماری حکومت ایسے افراد کو ہرگز نہیں بخشے گی۔ دھوکہ دہندوں کو گرفتار کرکے قوم کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ ہماری حکومت کی اعلیٰ ترجیح رشوت سے پاک حکمرانی کی فراہمی ہے۔ اس اسکام کے بارے میں وزیراعظم نریندر مودی کی خاموشی کے تعلق سے پوچھے جانے پر گدکری نے کہا کہ عوام چاہتے ہیں کہ وزیراعظم اس مسئلہ پر کچھ کہیں۔ اس طرح کے سوالات کرنے سے قبل اپنے ذہن میں کچھ سوچنا چاہئے کہ آخر اس اسکام کے لئے کون ذمہ دار ہے۔ ان کی ریاستی سیاست میں واپسی کے امکان کے بارے میں وزیر نے کہا کہ میں مرکز میں اہم قلمدانوں پر فائز رہا ہوں۔ روڈ ٹرانسپورٹ اور قومی شاہراہوں، جہاز رانی آبی وسائل، ندیوں کے فروغ جیسے قلمدانوں پر فائز رہے ہیں۔ انہوں نے کہا میں فی الحال دہلی منتقل ہوچکا ہوں اور آبائی ریاست مہاراشٹرا کی سیاست میں واپسی کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

مجھے یہ واضح کرنے دیجئے کہ میں ممبئی اور مہاراشٹرا کو واپس نہیں آرہا ہوں کیونکہ پہلے بھی میں ممبئی اور مہاراشٹرا چھوڑنے کیلئے تیار نہیں تھا لیکن اب میں دہلی میں پوری طرح منتقل ہوچکا ہوں اور وہاں پر دی جانے والی ذمہ داریوں سے مطمئن ہوں۔ میرے پاس بے شمار کام ہے۔ نتن گڈکری کا یہ بیان ان قیاس آرائیوں کے درمیان سامنے آیا ہے کہ وہ دہلی سے مہاراشٹرا منتقل ہوں گے اور انہیں یہاں کا چیف منسٹر بنایا جائے گا۔ موجودہ چیف منسٹر دیویندر فرنویس کو تبدیل کرکے نتن گڈکری کو چیف مسٹر کی ذمہ داری دی جائے گی۔ ماضی میں بھی انہوں نے اس طرح کی قیاس آرائیوں کو مسترد کردیا تھا۔ گذشتہ سال اگست میں گڈکری نے کہا کہ چیف منسٹر مہاراشٹرا فرنویس اچھا کام کررہے ہیں۔ ریاست مہاراشٹرا میں انہوں نے اپنی ذمہ داری بخوبی نبھائی ہے۔ دہلی میں اس تعلق سے قیاس آرائیاں ہورہی تھیں۔ تاہم گڈکری نے کہا کہ دہلی میں آلودگی بہت ہے۔ وہاں پر فضائی آلودگی کے ساتھ ساتھ سیاسی آلودگی بھی پائی جاتی ہے لیکن اب میں نے اس پر قابو پا لیا ہے۔ گڈکری نے کہا کہ وزیرفینانس ارون جیٹلی نے ان کے قلمدانوں کیلئے خاطرخواہ فنڈس مختص کئے ہیں۔ اس بناء پر وہ ان وزارت کے کام بخوبی انجام دے رہے ہیں۔ انہیں وزیراعظم کی جانب سے حمایت مل رہی ہے۔ گڈکری نے کہا کہ ہندوستان ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنا آسان ترین مرحلہ ہے۔ ساری دنیا میں سب سے آسان طریقہ سے ہندوستان میں ہی ڈرائیونگ لائسنس مل جاتا ہے۔ اس کے لئے 30 فیصد دستاویزات جعلی بوگس ہوتے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT