Thursday , October 18 2018
Home / Top Stories / پنجاب نیشنل بینک میں 11,400 کروڑ روپئے کا اسکام

پنجاب نیشنل بینک میں 11,400 کروڑ روپئے کا اسکام

ملزم نیروو مودی یکم جنوری سے مفرور، 5,100 کروڑ کی اشیاء ضبط
انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی ملک بھر میں کارروائی ۔ خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی ، صدر نشین بینک کا بیان
نئی دہلی / ممبئی 15 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) زیورات و ہیروں کے کروڑپتی تاجر نیروو مودی یکم جنوری کو ہی ملک سے فرار ہوگئے جبکہ سی بی آئی کو ان کے خلاف ابھی پنجاب نیشنل بینک سے کوئی شکایت نہیں ملی تھی ۔ سی بی آئی کو یہ شکایت بینک نے 29 جنوری کو کروائی ۔ یہ شکایت 280 کروڑ روپئے کی دھوکہ دہی سے متعلق ہے ۔ عہدیداروں نے یہ بات بتائی ۔ کہا گیا ہے کہ نیروو مودی کا بھائی نشال مودی جو بلجیم کا شہری ہے وہ بھی یکم جنوری کو ہی ملک سے فرار ہوگیا تھا۔ نیروو کی شریک حیات ایمی جو امریکی شہری ہے اور اس کا بزنس پارٹنر میہول چوکسی 6 جنوری کو ہندوستان سے روانہ ہوئے تھے ۔ عہدیداروں نے یہ بات بتائی ۔ میہول چوکسی گیتانجلی جیولری کا ہندوستان میں پروموٹر ہے ۔ سی بی آئی نے ان تمام چاروں کے خلاف لک آوٹ نوٹس جاری کی ہے اور ان کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کرلیا گیا ہے ۔ سمجھا جاتا ہے کہ نیروو مودی سوئیٹزر لینڈ میں ہے اور وہ 23 جنوری کو وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ تھا جب انہوں نے ڈاؤس میں ہندوستانی سی ای اوز سے ملاقات کی تھی ۔ اس کے چھ دن بعد بینک نے سی بی آئی کو پہلی شکایت روانہ کی تھی ۔ اس دوران انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے آج ممبئی اور دہلی کے بشمول ملک کے کئی دیگر مقامات پر نیروو مودی کے ٹھکانوں کے خلاف دھاوے کئے اور ایجنسی کے عہدیداروں نے بتایا کہ 5,100 کروڑ روپئے مالیت کے ہیرے، زیورات اور سونا ضبط کئے گئے۔

یہ دھاوے 280 کروڑ روپئے کی دھوکہ دہی کے سلسلہ میںہوئے ہیں۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کے حکام نے کم از کم 10 ٹھکانوں پر دھاوے کئے ہیں ۔ جن مقامات پر دھاوے ہوئے ہیں ان میں نیروو مودی کی قیامگاہ واقع کرلا بھی شامل ہے ۔ اس کے علاوہ کالا گھوڑا علاقہ میں اس کے جیولری بوتیک پر دھاوے کئے گئے ۔ تین کمپنیاں باندرہ ‘ لوور پریل میں ہیں وہاں اور گجرات میں تین مقامات پر دھاوے کئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ دہلی کے چانکیہ پوری اور ڈیفنس کالونی میں بھی اس کے ٹھکانوں پر دھاوے کئے گئے ۔ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے انسداد منی لانڈرنگ قانون کے تحت مقدمہ درج کیا ہے ۔ سمجھا جاتا ہے کہ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے مودی اور دوسروں کے خلاف کی گئی پنجاب نیشنل بینک کی شکایت کا تفصیلی جائزہ لیا ہے ۔ ایجنسی کا کہنا تھا کہ اگر اس سارے معاملہ میں کچھ بھی غیر قانونی کام ہوا ہے تو اس کی تحقیقات کی جائیں گی ۔ سی بی آئی نے بھی نیروو مودی کے علاوہ اس کے بھائی نشال مودی ‘ اس کی شریک حیات ایمی اور ایک بزنس پارٹنر کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا ہے ۔ سی بی آئی نے بھی مودی ‘ اس کے بھائی نشال ‘ اس کی شریک حیات اور بزنس پارٹنر کے مکانات پر بھی دھاوے کئے ہیں۔ اس دوران اسکام کا شکار پنجاب نیشنل بینک نے کہا کہ نیروو مودی نے قرض کی رقومات واپس کرنے کیلئے نت نئے آفرس دئے تھے ۔ بینک 11,400 کروڑ کی دھوکہ دہی کا شکار ہوا ہے ۔ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بینک کے صدر نشین و مینیجنگ ڈائرکٹر سنیل مہتا نے کہا کہ بینک اس دھوکہ دہی کے ذمہ داروں کے خلاف پوری طرح سے کارروائی کریگا ۔ بینک نے اب تک 10 عہدیداروں کو اس اسکام کے سلسلہ میںمعطل کردیا ہے اور سی بی آئی کو تحقیقات کی سفارش کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بینک نے ہی اس دھوکہ دہی کا پتہ چلایا ہے اور تحقیقاتی ایجنسیوں کو اس کی اطلاع دی ہے ۔

TOPPOPULARRECENT