Friday , November 24 2017
Home / شہر کی خبریں / پنجہ گٹہ میںچیف منسٹر کیلئے 9 ایکڑ پر مکان کی تعمیر

پنجہ گٹہ میںچیف منسٹر کیلئے 9 ایکڑ پر مکان کی تعمیر

حیدرآباد۔ 3 نومبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر کیلئے 9 ایکر اراضی پر محل نما سرکاری قیام گاہ اور کیمپ آفس تعمیر کیا جارہا ہے جس پر 50 کروڑ روپئے خرچ کرکے منی تھیٹر کانفرنس ہال، ٹیلی کانفرنس کا اہتمام کرنے تمام عصری سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ 500 افراد کا اجلاس طلب کرنے بڑا ہال تعمیر کیا جارہا ہے۔موجودہ چیف منسٹر کے سی آر واستو پر زیادہ یقین رکھتے ہیں۔ چیف منسٹر کے مشیرماہرین واستو نے موجودہ آفس واستو کی مناسبت سے درست نہ ہونے کا مشورہ دیا ہے جس پر پنجہ گٹہ میں نیا کیمپ آفس اور سرکاری قیام گاہ کی تعمیر ہورہی ہے جس کی 90% تعمیرات مکمل ہوچکی ہیں۔ 24 نومبر یا جاریہ ماہ کے اواخر میں چیف منسٹر محل نما سرکاری قیام گاہ میں منتقل ہوسکتے ہیں۔ چیف منسٹر نے آج کیمپ آفس پہنچ کر تعمیری کاموں کا معائنہ کیا اور مقررہ وقت تک تعمیرمکمل کرنے کی ہدایت دی۔ ذرائع سے پتہ چلا کہ ایک ایکر اراضی پر تین عمارتیں تعمیر کی جارہی ہیں 300 گاڑیوں کی پارکنگ سہولت اور گارڈن بھی ہوگا ۔ عمارت پر 35 کروڑ روپئے خرچ کا اندازہ تھا تاہم تعمیری کام آخری مراحل میں پہونچنے تک اخراجات بڑھ کر 50 کروڑ تک پہونچ گئے۔ ٹی آر ایس نے انتخابی منشور میں غریب عوام کیلئے ڈبل بیڈروم مکانات تعمیر کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ حکومت کی نصف میعاد مکمل ہونے کے باوجود غریب عوام کو ڈبل بیڈروم مکانات نہیں ملے۔ شہر کے علاوہ ضلع ہیڈکوارٹرس پر سرکاری اراضیات کی قلت کا بہانہ کیا جارہا ہے۔ شہر کے قیمتی کمرشیل علاقے پنجہ گٹہ میں 9 ایکر اراضی پر چیف منسٹر کیلئے قیام گاہ اور کیمپ آفس تعمیر کی جارہی ہے۔ اگر یہی فنڈز غریب عوام کے ڈبل بیڈروم مکانات کی تعمیر پر خرچ کئے جانے تو 1500 مکانات تعمیر ہوسکتے تھے ۔

TOPPOPULARRECENT