Monday , January 22 2018
Home / شہر کی خبریں / پندرہویں فینانس کمیشن سے تلنگانہ کو زیادہ سے زیادہ فنڈس حصول کی ہدایت

پندرہویں فینانس کمیشن سے تلنگانہ کو زیادہ سے زیادہ فنڈس حصول کی ہدایت

سکریٹریٹ میں مختلف محکموں کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس ، چیف سکریٹری ایس پی سنگھ کا خطاب
حیدرآباد ۔ 8 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : چیف سکریٹری ایس پی سنگھ نے 15 ویں فینانس کمیشن سے ریاست کو زیادہ سے زیادہ فنڈس حاصل کرنے کے لیے مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کو جلد از جلد بجٹ تجاویز پر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ۔ آج انہوں نے سکریٹریٹ میں مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں کا اجلاس طلب کیا ، جس میں کمیشن کو پیش کی جانے والی رپورٹ ، بجٹ تجاویز ، ایس سی ، ایس ٹی طبقات کے لیے اسپیشل فنڈس ، گورنر کا خطبہ کے علاوہ دوسرے امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ ایس پی سنگھ نے کہا کہ کمیشن سے زیادہ سے زیادہ فنڈز حاصل کرنے میں مختلف محکمہ جات سے پیش کی جانے والی رپورٹ انتہائی اہم ثابت ہوگی ۔ ریاست کے مفادات کو مد نظر رکھتے ہوئے تفصیلات فراہم کرنے پر زور دیا ۔ 30 اکٹوبر 2019 تک اپنی رپورٹ مرکزی حکومت کو پیش کرے گی اور اس کے لیے وہ اپریل 2018 سے ملک کی مختلف ریاستوں کا دورہ کرے گی ۔ مختلف محکمہ جات 7 فروری 2018 تک اپنے اپنے محکمہ جات میں کئے جانے والے کام اور اس کی پیشرفت ، نشانہ کے علاوہ دوسری تفصیلات پیش کریں ۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ مرکزی فینانس کمیشن کو رپورٹ پیش کرنے کے معاملے میں شعور بیدار کرنے یہ اجلاس منعقد کیا گیا ہے ۔ بلدی نظم و نسق ، پنچایت راج ، محکمہ برقی ، محکمہ صحت ، محکمہ صنعت کے علاوہ انجینئر شعبوں اور دوسرے اہم محکمہ جات پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت دی ۔ مشیر محکمہ فینانس جی آر ریڈی نے مرکزی فینانس کمیشن کو پیش کیے جانے والے میمورنڈم کے امور پر شعور بیدار کیا ۔ ہر محکمہ کو مکمل تفصیلات پر مشتمل رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت دی ۔ مقامی اداروں کے گرانٹس ، ٹیکس وصولی کی تفصیلات ، ضلعی سطح پر ترقی ، مختلف امور کی پیشرفت ، اسٹراٹیجی ڈیولپمنٹ گولس ، ریسرچ وغیرہ پر تفصیلات پیش کریں ۔ محکمہ فینانس کی ٹیم کو نوڈل آفیسر کی حیثیتسے نامزد کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی فینانس کمیشن پہلی مرتبہ ریاستوں کی پیشرفت کا جائزہ لیتے ہوئے گرانٹس جاری کرنے والی ہے ۔ جس کے لیے ریاستوں کو علحدہ علحدہ رپورٹس تیار کرنا ضروری ہے ۔ انہوں نے سال 2018-19 سے متعلق بجٹ تجاویز 15 جنوری تک پیش کرنے کی ہدایت دی ۔ محکمہ فینانس کے پرنسپل سکریٹری کے راما کرشنا راؤ نے مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ اپنے اپنے محکمہ جات میں خدمات انجام دینے والے عہدیداروں کی تفصیلات سی جی سی پورٹل میں جمع کریں ۔ اگر اس میں کوئی نظر ثانی کی ضرورت ہے تو اس کی بھی اطلاع دیں ۔۔

TOPPOPULARRECENT