پنچایت راج سیول انجینئرس کی سینیاریٹی لسٹ کی خامیوں کو دور کرنے کا مطالبہ

دو دہوں سے ترقیاں مسدود ، تلنگانہ اسٹیٹ پنچایت راج سیول انجینئرس فورم کی پریس کانفرنس

دو دہوں سے ترقیاں مسدود ، تلنگانہ اسٹیٹ پنچایت راج سیول انجینئرس فورم کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 9 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ اسٹیٹ پنچایت راج سیول انجینئرس فورم نے حکومت تلنگانہ سے مطالبہ کیا کہ وہ پنچایت راج سیول انجینئرس کی انٹگریٹیڈ سینیاریٹی لسٹ میں پائی جانے والی خامیوں کی درستگی کے علاوہ انہیں درپیش مسائل کی یکسوئی میں پیشرفت کرے ۔ یہ بات آج یہاں صدر تلنگانہ اسٹیٹ پنچایت راج سیول انجینئرس فورم مسٹر ای آر شیام سندر کودائی نے پریس کانفرنس کے دوران بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ پنچایت راج انجینئرس جو گذشتہ 15 تا 20 سال سے اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں لیکن انہیں سینیاریٹی کی اساس پر ترقیاں نہیں دی جارہی ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ متحدہ آندھرا پردیش کے دور میں آندھرائی قیادت کے تسلط کے نتیجہ میں تلنگانہ کے انجینئرس کی سینیاریٹی کا لحاظ کئے بغیر صرف سیما آندھرا سے تعلق رکھنے والے انجینئرس کو ہی ترقیاں دی گئیں جس کے نتیجہ میں ایک عرصہ دراز سے تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے انجینئرس کے ساتھ مسلسل نا انصافی ہوتی آئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ علحدہ ریاست تلنگانہ کے قیام کے باوجود پنچایت راج انجینئرس کو سینیاریٹی کی اساس پر ترقیاں دینے کا عمل سابقہ متحدہ آندھرا پردیش حکومت کے طرز عمل پر ہی منحصر ہے ۔ انہوں نے چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے خواہش کی کہ وہ پنچایت راج انجینئرس کو درپیش مسائل کے حل میں خصوصی دلچسپی لیتے ہوئے ضروری اقدامات کریں تاکہ ان کے ساتھ کی جانے والی نا انصافیوں کا ازالہ کیا جاسکے ۔ اس موقع پر تلنگانہ پنچایت راج کے ڈیویژنل انجینئرس مسرز دیاکر ریڈی ، انیل ، رام موہن ، پرکاش ، نرسنگ راؤ بھی موجود تھے ۔۔

TOPPOPULARRECENT