Saturday , May 26 2018
Home / سیاسیات / پولنگ بوتھ پر ووٹروں سے مودی کا رابطہ، الیکشن کمیشن کی انکوائری

پولنگ بوتھ پر ووٹروں سے مودی کا رابطہ، الیکشن کمیشن کی انکوائری

احمد آباد۔14 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج یہاں رانیپ علاقہ میں قائم پولنگ اسٹیشن میں قطار میں کھڑے رہنے کے بعد اپنا ووٹ ڈالا، اور اس کے بعد بوتھ سے باہر ہجوم کی طرف دیکھتے ہوئے وزیراعظم نے پُرجوش انداز میں اپنے ہاتھ لہرائے جس پر اپوزیشن کانگریس نے اعتراض کیا ۔ چنانچہ گجرات کے الیکشن حکام نے انکوائری کا حکم جاری کیا ہے۔ رانیپ علاقہ جو اسمبلی حلقہ سابرمتی کا حصہ ہے، وہاں نشان ہائی اسکول میں قائم پولنگ بوتھ پہنچنے کے بعد مودی وہاں موجود اپنے بڑے بھائی سوم بھائی مودی کے آگے بطور احترام جھکے ۔ سوم بھائی اسی محلہ میں رہتے ہیں۔ پھر وزیراعظم رائے دہی کیلئے قطار میں کھڑے ہوگئے اور اپنا ووٹ ڈالا۔ انھیں اپنی باری کے انتظار کے دوران دیگر ووٹروں سے بات کرتے دیکھا گیا۔ ووٹ ڈالنے کے بعد انھوں نے سیاہی والی اپنی انگلی ہزاروں حامیوں کو دکھائی جو بوتھ کے باہر جمع تھے اور ’’مودی … مودی‘‘ کے نعرے لگارہے تھے۔ وزیراعظم نے کچھ دور چل کر سڑک کی دونوں جانب کھڑے لوگوں کی طرف ہاتھ لہرائے۔ اور پھر اپنی کار کے فٹ بورڈ سے بھی ہجوم کو متوجہ کیا۔

TOPPOPULARRECENT