Thursday , June 21 2018
Home / شہر کی خبریں / پولنگ کو شفاف بنانے تمام مراکز پر ویڈیو گرافی کی ہدایت

پولنگ کو شفاف بنانے تمام مراکز پر ویڈیو گرافی کی ہدایت

سیما آندھرا کے کلکٹرس و سپرنٹنڈنٹس پولیس کے ساتھ چیف الیکٹورل آفیسر کی ویڈیو کانفرنس

سیما آندھرا کے کلکٹرس و سپرنٹنڈنٹس پولیس کے ساتھ چیف الیکٹورل آفیسر کی ویڈیو کانفرنس
حیدرآباد۔14اپریل( سیاست نیوز) سیما آندھرا میں دوسرے مرحلہ کے تحت 25 لوک سبھا اور 175 اسمبلی حلقہ جات کیلئے انتخابات کے سلسلہ میں ضلع انتظامیہ کی جانب سے اقدامات کا حیدرآباد سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ چیف الکٹورل آفیسر مسٹر بھنور لعل نے جائزہ لیا اور انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ آج شام زائد از تین گھنٹوں تک 13 اضلاع کے کلکٹروں ‘ سپرنٹنڈنٹ پولیس و ٹریننگ آفیسرس برائے حلقہ جات لوک سبھا و اسمبلی و دیگر کیساتھ ویڈیو کانفرنس کا انعقاد عمل میں آیا ۔ حیدرآباد سے مسٹر بھنور لعل کے ہمراہ اڈیشنل چیف الکٹورل آفیسر مسٹر وینکٹیشور راؤ ‘ ڈپٹی چیف الکٹورل آفیسر شریمتی اے سری دیوا مینا‘ اڈیشنل ڈی جی پی و نوڈل آفیسر محکمہ پولیس برائے انتخابات مسٹر ای ایس کمودی کے علاوہ دیگر عہدیدار بشمول مسٹر فہیم صابری موجود تھے ۔ چیف الکٹورل آفیسر کے ذرائع نے کہا کہ مسٹر بھنور لعل نے تمام ضلع کلکٹروں اور سپرنٹنڈنٹس پولیس کے علاوہ ریٹرننگ آفیسرس سے انتخابات کے سلسلہ میں اقدامات و انتظامات سے متعلق تفصیلات سے واقفیت حاصل کی اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے عہدیداروں کو دوسرے مرحلہ کے تحت انتخابات کے آزادانہ و منصفانہ اور پُرامن انعقاد کیلئے مؤثر اقدامات کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی معاملہ میں جانبدارانہ برتاؤ نہ کرکے بالکلیہ غیر جانبداری کا مظاہرہ کریں ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کو بہترو شفاف بنانے تمام مراکز رائے دہی پر ویڈیو گرافی کے انتظامات کریں اور جہاں تک ہوسکے مناسب انتخابی اسٹاف کو تعینات کریں ۔ علاوہ ازیں ہر مرکز رائے دہی پر پولیس کے وسیع صیانتی انتظامات پر ترجیح دینے کی سپرنٹنڈنٹس پولیس کو ہدایات دیں ۔ انہوں نے کلکٹروں سے خواہش کی کہ وہ نہ صرف مراکز رائے دہی پر انتظامات کے ساتھ مراکز رائے شماری کا بذات خود معائنہ کرکے جائزہ لیں ۔ مسٹر بھنورلعل نے تمام ضلع کلکٹروں و سپرنٹنڈنٹس پولیس کے علاوہ ریٹرننگ آفیسرس سے اس بات کی خواہش کی کہ وہ انتخابی اُمور کی انجام دہی کے معاملہ میں کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کرنے اور انتخابی قوانین کے مطابق اقدامات کریں ۔

TOPPOPULARRECENT