Friday , November 24 2017
Home / Top Stories / پولیس اسٹیشنوں میں جنم اشٹمی تقاریب بڑے پیمانے پر منائی جائے

پولیس اسٹیشنوں میں جنم اشٹمی تقاریب بڑے پیمانے پر منائی جائے

یو پی حکومت کے احکام ،مسلمان بھی سڑکوںپر نماز ادا کرتے ہیں:یوگی آدتیہ ناتھ
لکھنؤ ۔ /17 اگست (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر اترپردیش یوگی آدتیہ ناتھ نے جنم اشٹمی تقاریب ریاست کے پولیس اسٹیشنس میں منعقد کرنے کی ہدایت دی ہے اور کہا کہ ایسا کرنا غلط نہیں کیونکہ مسلمان بھی سڑکوں پر نماز ادا کرتے ہیں ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ پولیس اسٹیشنوں میں جنم اشٹمی تقاریب کو روکنے کا انہیں (یوگی آدتیہ ناتھ) کوئی حق نہیں پہونچتا ۔ انہوں نے ایک پروگرام کے موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ سڑکوں پر عید کی نماز نہیں روک سکتے تو انہیں تھانوں میں جنم اشٹمی تقاریب روکنے کا بھی حق نہیں ہے ۔ چیف منسٹر کے ریمارکس پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ رکن ظفر یاب جیلانی نے کہا کہ پولیس اسٹیشنوں میں جنم اشٹمی تقاریب کا سڑکوں پر نماز کی ادائیگی سے تقابل غلط ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی سڑک پر نماز ادا کرے یا عبادت کرے تو کسی کو نقصان نہیں ہوتا لیکن سرکاری مشنری (پولیس) کو استعمال کرتے ہوئے انہیں پولیس اسٹیشنوں میں پوجا کی سہولت فراہم کرنا غلط ہے ۔ ریاستی حکومت کی جانب سے جنم اشٹمی تقاریب کو پولیس اسٹیشنوں میں بڑے اور شاندار پیمانے پر منعقد کرنے کے سرکاری احکامات کو اپوزیشن کانگریس اور سماج وادی پارٹی نے بھی تنقیدوں کا نشانہ بنایا ہے ۔ کانگریس نے ان ہدایات کو بے حسی کی مثال قرار دیا اور کہا کہ گورکھپور ہاسپٹل میں شیرخوار بچوں کی موت کا غم ابھی ختم بھی نہیں ہوا کہ حکومت نے اس طرح کے احکامات جاری کئے ہیں ۔ سماج وادی پارٹی نے بھی ان احکامات کی مذمت کی ۔ واضح رہے کہ حکومت نے گزشتہ ہفتہ یہ ہدایت جاری کی کہ لارڈ کرشنا کی یوم پیدائش (جنم اشٹمی) پولیس اسٹیشنوں اور جیلوں میں منائی جائے ۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ ہندو بھگوان متھرا میں ایک جیل میں پیدا ہوئے تھے ۔

TOPPOPULARRECENT