Monday , September 24 2018
Home / شہر کی خبریں / پولیس تحویل میں فوت ہونے والی رحیمہ بی کے افراد خاندان کے ساتھ انصاف رسانی کا مطالبہ

پولیس تحویل میں فوت ہونے والی رحیمہ بی کے افراد خاندان کے ساتھ انصاف رسانی کا مطالبہ

چیف منسٹر کے سی آر سے نمائندگی کا فیصلہ ، جناب محمد فاروق حسین کی قیادت میں کانگریس وفد کا دورہ پرگی ، متوفیہ کے افراد خاندان و دیگر سے ملاقات

چیف منسٹر کے سی آر سے نمائندگی کا فیصلہ ، جناب محمد فاروق حسین کی قیادت میں کانگریس وفد کا دورہ پرگی ، متوفیہ کے افراد خاندان و دیگر سے ملاقات
حیدرآباد ۔ 6 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : کانگریسی قائدین کے وفد نے آج موضع پرگی کا دورہ کرتے ہوئے مبینہ طور پر پولیس تحویل میں فوت ہونے والی رحیمہ بی کے افراد خاندان سے ملاقات کی اور حقائق سے آگہی حاصل کرتے ہوئے چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے نمائندگی کا فیصلہ کیا ہے ۔ رکن قانون ساز کونسل جناب محمد فاروق حسین کی زیر قیادت پرگی کا دورہ کرنے والے وفد نے ڈوما پولیس اسٹیشن کے ذمہ داروں کے علاوہ مقامی رکن اسمبلی رام موہن ریڈی اور دیگر سے ملاقات کرتے ہوئے متوفی خاتون کے افراد خاندان کو انصاف دلوانے میں تعاون کرنے کی خواہش کی ۔ ان قائدین نے تحصیلدار سے ملاقات کرتے ہوئے متوفی خاتون کے رشتہ داروں کو فوری مدد فراہم کرنے کے اقدامات کا مطالبہ کیا اور کہا کہ فاروق حسین کی قیادت میں چیف منسٹر سے نمائندگی کرتے ہوئے متوفی کے خاندان کو ایکس گریشیا کی اجرائی کا مطالبہ کیا جائے گا ۔ جناب محمد فاروق حسین نے بتایا کہ موضع پرگی کا دورہ کرتے ہوئے انہوں نے حقائق سے آگہی حاصل کی ہے اور اس معاملہ میں انصاف رسانی کے عمل کو تیز کرنے کے علاوہ فوری طور پر اس خاندان کی امداد کو یقینی بنانے کی کوشش کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ رحیمہ بی اس خاندان کی کفالت کا واحد ذریعہ تھیں اسی لیے اس خاندان کو فوری سرکاری طور پر امداد فراہم کی جانی چاہئے ۔ رکن قانون ساز کونسل نے بتایا کہ متوفی خاتون کے شوہر کی موت بھی پولیس انکاونٹر میں ہوئی تھی اس کے بعد رحیمہ بی اپنے بچوں کو پالنے کے لیے مزدوری کررہی تھیں لیکن ان کی موت کے سبب خاندان کی کفالت مشکل ہوچکی ہے ۔ جناب فاروق حسین نے بتایا کہ اس غریب خاندان میں رحیمہ بی کی ضعیف العمر ساس بھی موجود ہیں اور ان کی ایک لڑکی حیدرآباد میں نرسنگ کورس کررہی ہے ۔ انہوں نے مقامی رکن اسمبلی مسٹر پی رام موہن ریڈی سے خواہش کی کہ وہ حکومت سے سفارش کرتے ہوئے امداد اور انصاف کی کوشش کرنے کے علاوہ شخصی طور پر بھی اس خاندان کی مدد کے لیے آگے آئیں جس پر رکن اسمبلی مسٹر پی رام موہن ریڈی نے متوفی خاتون کے افراد خاندان سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ممکنہ تعاون کا تیقن دیا اور کہا کہ وہ حکومت سے نمائندگی کے ساتھ ساتھ اپنے طور پر بھی اس خاندان کی کسمپرسی دور کرنے کی کوشش کریں گے ۔ جناب محمد فاروق حسین کے ہمراہ پرگی کا دورہ کرنے والوں میں جناب خلیق الرحمن ، جناب خواجہ ذاکر الدین ، ڈاکٹر انصاری ، جناب خواجہ فخر الدین اور مرزا محب بیگ شامل ہیں ۔ جناب خلیق الرحمن نے بتایا کہ وفد کے ارکان نے موضع میں مسلم طبقہ کے ذمہ داروں اور سرکاری عہدیداروں سے بات چیت کرتے ہوئے حقائق سے آگہی حاصل کرنے کی کوشش کی ہے ۔ جناب محمد فاروق حسین نے بتایا کہ ریاستی حکومت پولیس مظالم کو برداشت کرنے کے لیے قطعی تیار نہیں ہے اسی لیے اس بات کی توقع کی جاسکتی ہے کہ حکومت کی جانب سے نمائندگی کی صورت میں مظلوم خاندان کی مدد سے حکومت انکار نہیں کرے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ وہ بہت جلد اس مسئلہ پر چیف منسٹر سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں تحریری مکتوب حوالے کریں گے تاکہ اس واقعہ کو چیف منسٹر کے علم میں لاتے ہوئے انہیں حقائق سے واقف کروایا جاسکے اور اس مفلوک الحال خاندان کی حالت پر ہمدردانہ غور کرتے ہوئے انہیں سرکاری امداد کی فی الفور اجرائی کو یقینی بنایا جاسکے ۔۔

TOPPOPULARRECENT