Wednesday , November 22 2017
Home / شہر کی خبریں / پولیس جوانوں کو مارشل آرٹس کی تربیت

پولیس جوانوں کو مارشل آرٹس کی تربیت

حفاظت خود اختیاری کو ترجیح ، مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے لیے جلد اعلامیہ کی اجرائی متوقع
حیدرآباد۔یکم ۔مئی (سیاست نیوز) پولیس جوانوں کو خصوصی مارشل آرٹ کی تربیت کے ذریعہ ان کی صحت کو بہتر رکھنے کے علاوہ انہیں حفاظت خوداختیاری اور دفاعی موقف اختیار کرنے ، جسمانی طور پر چاق وچوبند رکھنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور ابتداء میں ابھی بھرتی ہونے والے کانسٹبلس کو مارشل آرٹس کی تربیت فراہم کی جائے گی۔باوثوق ذرائع کے بموجب ریاست تلنگانہ میں کانسٹبلس کو جن کے پاس کوئی اسلحہ نہیں ہوتا انہیں اعلی درجہ کی مارشل آرٹ تربیت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس فیصلہ کے تحت 7506ملازمین کو تربیت کی فراہمی عمل میں لائی جائے گی اور اس تربیت کی فراہمی کے لئے محکمہ پولیس کے مختلف شعبوں کے ملازمین کا انتخاب عمل میں لایا جا رہا ہے تاکہ انہیں ہاتھا پائی کی صورت میں الجھنے والوں کو قابو میں کرنیکی تربیت فراہم کی جائے۔ اعلی عہدیدار کے مطابق یکم مئی سے شروع ہونے والی یہ 9ماہ کی تربیت کے دوران پولیس ملازمین کو تناؤ پر قابو پانے اور رشوت ستانی سے پاک محکمہ کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کرنے کی تربیت بھی فراہم کی جائے گی۔ محکمہ پولیس کے عہدیداروں نے بتایا کہ ریاستی پولیس کے اہلکاروں کو مارشل آرٹس کی تربیت انہیں بہتر جسمانی ساخت رکھنے میں بھی معاون ثابت ہوگی کیونکہ ان کی یہ ورزش اور ان کے جسم میں موجود چستی اور پھرتی بھی محکمہ پولیس کی وقار میں بہتری کا باعث ثابت ہوگی۔ عام طور پر یہ دیکھا جاتا ہے کہ محکمہ پولیس کے اہلکاروں و ملازمین سے اکثر لوگ الجھ پڑتے ہیں اور کئی مرتبہ عہدیداروں کی عدم موجودگی کے سبب کانسٹبلس کو خفت کا سامنا کرنا پڑتا ہے کیونکہ ان کے موقف کا دفاع کرنے والا کوئی نہیں ہوتا اور نہ ہی ان کے پاس کوئی ہتھیار ہوتا ہے اسی لئے جرائم پیشہ افراد اور خود کو بااثر تصور کرنے والے افراد انہیں دھمکا کر چلے جاتے ہیں لیکن اب ان کے لئے یہ مہنگا ثابت ہوگا جو پولیس ملازمین کو کمتر سمجھتے ہوئے انہیں دھمکانے کی کوشش کرتے ہیں یا ان پر حاوی ہونا چاہتے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ریاست تلنگانہ میں کانسٹبل اور دیگر جائیدادوں پر تقررات کے سلسلہ میں بہت جلد اعلامیہ کی اجرائی متوقع ہے۔ عہدیداروں کے مطابق ریاستی پولیس انتظامیہ کے مختلف شعبوں میں مزید 3000جائیدادوں پر تقررات کے سلسلہ میں جلد اعلامیہ کی اجرائی متوقع ہے اسی لئے نوجوانوں کو چاہئے کہ وہ درکار جسمانی و تحریری امتحان کی تیاریاں مکمل کرنی شروع کردیں تاکہ انہیں اعلامیہ کی اجرائی کے ساتھ ہی ملازمتوں کے حصول میں کسی قسم کی دشواریوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔محکمہ پولیس کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ریاست میں محکمہ پولیس کے اہلکاروں و ملازمین کے حوصلہ و جرأت میں اضافہ کے لئے اور ان میں بہادری لانے کے لئے انہیں حفاظت خود اختیاری کے علاوہ ہاتھا پائی کے دوران مجرم سے الجھنے کی تربیت بھی فراہم کیا جانا ضروری ہے۔ریاست تلنگانہ میں تشکیل تلنگانہ کے بعد سے محکمہ پولیس میں اصلاحات کے عمل کا آغاز ہوا ہے اور محکمہ پولیس کے ان اصلاحات کو تیزی عمل میں لائے جانے کے سبب ملک کے مختلف علاقوں میں تلنگانہ پولیس کے اصلاحات کو اختیار کیا جانے لگا ہے ۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT