Monday , November 19 2018
Home / شہر کی خبریں / پولیس میں اقلیتوں کی نمائندگی میں اضافہ کے اقدامات

پولیس میں اقلیتوں کی نمائندگی میں اضافہ کے اقدامات

۔300 اقلیتی طلبہ کو محکمہ اقلیتی بہبود سے ٹریننگ، ڈائرکٹر شاہنواز قاسم کا انکشاف
حیدرآباد ۔ یکم نومبر (سیاست نیوز) محکمہ پولیس میں اقلیتوں کی نمائندگی میں اضافہ کیلئے محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے ریاست میں تحریری امتحان کیلئے ٹریننگ فراہم کی گئی۔ یہ پہلا موقع ہے جب محکمہ اقلیتی بہبود نے مختلف اضلاع میں اقلیتی امیدواروں کیلئے ٹریننگ کا اہتمام کیا۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم نے بتایا کہ تقریباً 300 طلبہ تحریری امتحان میں کامیاب ہوئے ہیں۔ ان امیدواروں کو فزیکل ٹریننگ کیلئے متعلقہ سپرنٹنڈنٹس آف پولیس کو ہدایت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ پولیس کی جانب سے ان امیدوار وں کو حکومت کے خرچ پر فزیکل ٹریننگ کا اہتمام کیا جائے گا۔ ٹریننگ کیلئے دیڑھ کروڑ روپئے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے اور یہ ر قم اقلیتی فینانس کارپوریشن کی ٹریننگ ایمپلائیمنٹ اسکیم سے ادا کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس میں بھرتی کیلئے اقلیتی نوجوانوں میں حوصلہ افزا ردعمل دیکھا گیا ہے۔ محکمہ اقلیتی بہبود نے سرکاری اداروں میں تقررات اور مسابقتی امتحانات کے سلسلہ میں ٹریننگ کا اہتمام کیا ہے جو میناریٹی اسٹڈی سرکل کی جانب سے دی جاتی ہے۔ شاہنواز قاسم نے کہا کہ جاریہ مالیاتی سال شادی مبارک اسکیم کیلئے مزید 100 کروڑ روپئے کی اجرائی کا امکان ہے۔ حکومت سے اس سلسلہ میں نمائندگی کی گئی ہے۔ اس اسکیم کے تحت 100 کروڑ روپئے پہلے خرچ کئے جاچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جاریہ سال کے بجٹ سے تقریباً 1000 کروڑ جاری کردیئے گئے ۔ جبکہ اقلیتی بہبود کے اداروں نے 74 فیصد بجٹ خرچ کرلیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز اسکالرشپ اسکیم کیلئے 50 کروڑ جاری کرنے کی سفارش کی گئی تھی ۔ توقع ہے کہ آئندہ ہفتہ یہ رقم جاری کردی جائے گی۔

TOPPOPULARRECENT