Friday , November 16 2018
Home / شہر کی خبریں / پولیس میں اقلیتوں کی نمائندگی میں اضافہ کے لیے 3 ہزار امیدواروں کو ٹریننگ

پولیس میں اقلیتوں کی نمائندگی میں اضافہ کے لیے 3 ہزار امیدواروں کو ٹریننگ

اندرون ایک ہفتہ آغاز، محکمہ اقلیتی بہبود خرچ برداشت کرے گا، امیدوار ایس پی اور کمشنر سے رجوع ہوں: شاہ نواز قاسم
حیدرآباد۔ 13 جولائی (سیاست نیوز) محکمہ پولیس میں اقلیتی امیدواروں کے تقرر کو یقینی بنانے کے لیے محکمہ اقلیتی بہبود نے ریاست بھر میں تقریباً 3 ہزار امیدواروں کو ٹریننگ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم نے بتایا کہ محکمہ اقلیتی بہبود امیدواروں کی ٹریننگ کا خرچ برداشت کرے گا جبکہ ضلع سپرنٹنڈنٹس آف پولیس اور شہروں کے کمشنرس آف پولیس کی نگرانی میں اندرون ایک ہفتہ ٹریننگ کا آغاز ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہر ضلع کے لیے امیدواروں کا کوٹہ الاٹ کیا گیا ہے اور پولیس عہدیداروں سے خواہش کی گئی کہ وہ بہتر کوچنگ کے لیے کسی موزوں ادارے کا انتخاب کریں۔ شاہنواز قاسم نے کہا کہ ادارے کا انتخاب اور ٹریننگ کی نوعیت و مدت کا تعین کرنا متعلقہ کمشنرس اور سپرنٹنڈنٹس کی ذمہ داری ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ پولیس میں اقلیتوں کی نمائندگی میں اضافہ کے لیے ریاست بھر میں ٹریننگ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بہتر انداز میں ٹریننگ کے لیے پولیس کو ذمہ داری دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ اقلیتی بہبود کے پاس بجٹ دستیاب ہے اور ہر امیدوار پر 4 تا 5 ہزار روپئے خرچ کیے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ٹریننگ سے پولیس میں اقلیتی امیدواروں کے انتخاب میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹریننگ کے خواہشمند امیدوار متعلقہ کمشنر یا سپرنٹنڈنٹ پولیس کے دفتر سے رجوع ہوں۔ ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسرس کے ذریعہ آج جمعہ کے موقع پر تمام اضلاع میں اقلیتی آبادی میں پولیس ٹریننگ کے بارے میں پبلیسٹی کی گئی۔ سابق 11 اضلاع کے اعتبار سے امیدواروں کا کوٹہ مقرر کیا گیا۔ حیدرآباد کمشنریٹ کے تحت 1000 ، سائبر آباد 275 اور رچاکونڈہ کمشنریٹ کے تحت 275 امیدواروں کو پولیس ٹریننگ کا منصوبہ ہے۔ اس کے علاوہ نظام آباد و کاماریڈی میں 200، عادل آباد نرمل، آصف آباد، منچریال 200، محبوب نگر، ونپرتی، ناگر کرنول، گدوال 200، کریم نگر، جگتیال، پداپلی، راجنا سرسلہ 200، ورنگل اربن، ورنگل رورل، بھوپال پلی، جنگائوں، محبوب آباد 150، کھمم کوتہ گوڑیم 150، میدک، سنگاریڈی، سدی پیٹ 200 اور نلگنڈہ، سوریہ پیٹ، یادادری بھونگیر کے لیے 150 امیدواروں کا کوٹہ الاٹ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت محکمہ پولیس میں اقلیتوں کی نمائندگی میں اضافہ کے خواہاں ہے۔ عام طور پر خانگی اداروں کی جانب سے ٹریننگ کا اہتمام کیا جاتا رہا اور یہ پہلا موقع ہے جب محکمہ اقلیتی بہبود نے اس سلسلہ میں پیشرفت کی ہے۔

TOPPOPULARRECENT