Saturday , November 18 2017
Home / جرائم و حادثات / پولیس پر فائرنگ کرنے والے دو رہزنوں کی گرفتاری

پولیس پر فائرنگ کرنے والے دو رہزنوں کی گرفتاری

حیدرآباد ۔ /21 اگست (سیاست نیوز) جوبلی ہلز علاقے میں پولیس پارٹی پر فائرنگ کرنے والے دو رہزنوں کی گرفتاری کا آج کمشنر پولیس حیدرآباد نے اعلان کیا ۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر ایم مہیندر ریڈی نے میڈیا کو بتایا کہ 32 سالہ مرزا محمد عبداللہ بیگ عرف فہیم مرزا اور اس کا ساتھی 23 سالہ عبدالقادر متوطن گلبرگہ ، کرناٹک اور لنگر حوض کے محمد سمیع الدین عرف سمیع نے بگ C موبائیل شوروم کے منیجر کو لوٹنے کا منصوبہ تیار کیا تھا جسے ٹاسک فورس نے ناکام بنادیا ۔ انہوں نے بتایا کہ بین ریاستی ٹولی کا سرغنہ فہیم ہے جس کا تعلق حیدرآباد ہے لیکن وہ گلبرگہ منتقل ہوگیا تھا ۔ سمیع جو بگ C موبائیل شوروم کا ملازم ہے نے اپنے دوست فہیم مرزا کو یہ خفیہ اطلاع فراہم کی کہ کمپنی ملازمین اکثر بھاری مقدار میں رقم منتقل کیا کرتے ہیں اور اس رقم کو لوٹنے پر انہیں زیادہ مالی فائدہ ہوسکتا ہے ۔ سمیع کی ایماء پر فہیم مرزا اور اس کا ساتھی عبدالقادر تین دن قبل حیدرآباد بذریعہ کار پہونچ کر شہر میں پناہ لی ۔ وہ اپنے ہمراہ دو دیسی ساختہ پستول اور 10 راؤنڈ کارتوس بھی منتقل کیا اور وہ بگ C شوروم واقع مادھا پور کا تجزیہ کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ ٹاسک فورس کو رہزنوں کی شہر میں موجودگی اور بڑے پیمانے پر رہزنی کی واردات انجام دینے کی اطلاع موصول ہوئی تھی جس کے نتیجہ میں چوکسی اختیار کرلی گئی تھی اور فہیم اور قادر کے نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھی جارہی تھی ۔ کل سادے لباس میں ملبوس ٹاسک فورس ٹیموں نے جوبلی ہلز علاقہ میں رہزنوں کا پتہ لگالیا اور ان کا تعاقب کرتے ہوئے روڈ نمبر 36 جوبلی ہلز چوراہے پر انہیں گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی جس کے نتیجہ میں عبدالقادر نے دیسی ساختہ پستول سے فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں وہاں پر موجود ایل اینڈ ٹی کمپنی کا ملازم دھرمیندر بھویان زخمی ہوگیا ۔ پولیس پارٹی نے دونوں رہزنوں کو حراست میں لے لیا اور ان کے قبضے سے دو دیسی ساختہ پستول اور کارتوس برآمد کرلیا ۔ کمشنر نے ویسٹ زون ٹاسک فورس ٹیم کی ستائش کرتے ہوئے ٹیم کے ارکان کو نقد رقم کا انعام دیا ۔
کمشنر پولیس نے بتایا کہ سمیع نے بگ C موبائیل شوروم کے کاروبار میں لاکھوں روپئے کی رقمی لین دین ہونے اور بینک کو رقم کی منتقلی کی اطلاع دو رہزنوں کو فراہم کی تھی جس پر یہ منصوبہ تیار کیا گیا تھا ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ محمد عبداللہ بیگ عرف فہیم مرزا پر حیدرآباد اور گلبرگہ میں 10 سنگین وارداتوں میں ملوث ہے اور گلبرگہ کے تین غیرضمانتی وارنٹ زیرالتواء ہے ۔ مسٹر مہیندر ریڈی  نے ویسٹ زون ٹاسک فورس ٹیم کی ستائش کرتے ہوئے ٹیم کے ارکان کو نقد رقم کا انعام دیا ۔

TOPPOPULARRECENT