Thursday , November 15 2018
Home / شہر کی خبریں / پولیس کو عوام دوست رویہ اختیار کرنے کا مشورہ

پولیس کو عوام دوست رویہ اختیار کرنے کا مشورہ

تلنگانہ ڈی جی پی مہیندر ریڈی کا کمشنران پولیس و دیگر عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب
حیدرآباد ۔ 11 اپریل (سیاست نیوز) ڈائرکٹر جنرل پولیس مسٹر ایم مہیندر ریڈی نے آج کہا کہ ریاستی پولیس کو عوام دوست رویہ اختیار کرنا چاہئے اور یونیفارم سرویس کے ذریعہ عوام کو بہتر سے بہتر خدمات فراہم کرنا چاہئے۔ باضابطہ ڈی جی پی مقرر کئے جانے کے بعد مہیندر ریڈی نے آج حیدرآباد، سائبرآباد اور رچہ کنڈہ پولیس کمشنریٹس سے تعلق رکھنے والے انسپکٹر تا کمشنر سطح کے عہدیداروں کا ایک روزہ ورکشاپ کوکٹ پلی جے این ٹی یو آڈیٹوریم میں منعقد کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر شہری یہ چاہتا ہیکہ وہ بلادشواری یا کوئی پریشانی کے زندگی بسر کرے اور پولیس سے یہ امید کرتا ہیکہ وہ بروقت ان کے تحفظ اور سیکوریٹی کیلئے دستیاب رہے۔ مہیندر ریڈی نے کہا کہ ہر پولیس اسٹیشن کے اسٹیشن ہاؤز آفیسر اپنی ٹیم کی مدد سے عوام کیلئے بہترین خدمات فراہم کرنے پر اپنی توجہ مرکوز کرے۔ پولیس کے عوام دوست رویہ سے شہریان میں یہ احساس پیدا ہونا چاہئے کہ مشکل اوقات میں پولیس ان کی مدد کیلئے بروقت دستیاب ہوتی ہے اور فی الفور کارروائی بھی کرتی ہے۔ مہیندر ریڈی نے ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کے ہر پولیس عہدیدار کا یہ فرض ہیکہ وہ اپنے رویہ سے کسی بھی شہری کے جذبات کو ٹھیس نہ پہنچائے اور اس کی بہترین خدمت کیلئے ہر وقت دستیاب رہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حیدرآباد سٹی پولیس نے جرائم کی روک تھام کیلئے ٹیکنالوجی اور سائنس کا بھرپور استعمال کرتے آرہی ہے جس کے نتیجہ میں جرائم کی روک تھام میں مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں۔ مہیندر ریڈی نے مزید کہا کہ نینوسیتم پراجکٹ کے ذریعہ کمیونٹی سی سی ٹی وی کیمروں کے علاوہ پٹرولنگ کارس، جیو ٹیکنالوجی، چبوترہ مشن اور کارڈن سرچ آپریشن کے ذریعہ حیدرآباد پولیس نے ملک بھر میں اپنا نمایاں مقام قائم کیا ہے۔ تشکیل تلنگانہ کے بعد ریاست بھر میں لا اینڈ آرڈر کی برقراری میں پولیس ملازمین کی جدوجہد کی ستائش کی اور کہا کہ حکومت کی جانب سے محکمہ پولیس کو مؤثر بجٹ دیا جارہا ہے تاکہ محکمہ میں انفراسٹرکچر میں اضافہ کیا جاسکے۔ تلنگانہ پولیس نے عوام کے دلوں میں اعتماد حاصل کرلیا ہے اور عوام کی خدمت کے ذریعہ ریاستی پولیس اپنا یہ مقام برقرار رکھے۔ اس ورکشاپ میں ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس لاء اینڈ آرڈر مسٹر جتیندر، کمشنر آف پولیس رچہ کنڈہ مسٹر مہیش مرلی دھر بھاگوت، کمشنر آف پولیس سائبرآباد مسٹر وی سی سجنار کے علاوہ ان کمشنریٹس کے تمام ڈپٹی کمشنران، اسسٹنٹ کمشنران اور انسپکٹران نے شرکت کی۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT