Tuesday , December 18 2018

پولیس کی تلاشی مہم، 66 روہنگیا مسلمان گرفتار

کمیکل کے ذریعہ آم پکانے والے گودام پر بھی دھاوا
حیدرآباد 12 مئی (سیاست نیوز) ساؤتھ زون پولیس نے علاقہ حافظ بابا نگر اور اس کے اطراف و اکناف علاقوں میں کارڈن سرچ آپریشن کیا۔ جس میں 66 روہنگیا مسلمانوں کو حراست میں لیتے ہوئے بعض گاڑیوں کو بھی ضبط کیا گیا۔ حیدرآباد اور رچہ کنڈہ کے سرحد پر موجود حافظ بابا نگر کے علاقہ میں پولیس نے آج صبح کی اولین ساعتوں میں 250 پولیس عملہ پر مشتمل خصوصی پولیس پارٹیوں نے تلاشی مہم شروع کی۔ جس کے دوران روہنگیا افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ اِس کارروائی میں پولیس نے کمیکل کے ذریعہ آم پکانے والے ایک گودام پر بھی دھاوا کیا۔ اِسی طرح کارڈن سرچ آپریشن میں غیر مجاز طور پر چلائے جارہے مسلخ کو بھی مہربند کردیا اور ستار، حسین اور یوسف نامی افراد کو حراست میں لے لیا۔ تلاشی مہم کے دوران پولیس نے غیر مجاز طور پر گلاب کا عرق اور عطر بنانے والے ایک مجید نامی شخص کو بھی حراست میں لے لیا۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ زون مسٹر وی ستیہ نارائنا نے کہاکہ محلہ کے معمر شہریوں کی جانب سے گزارش کئے جانے پر کارڈن سرچ آپریشن کیا گیا اور ان علاقوں میں اترپردیش، بہار اور مغربی بنگال سے تعلق رکھنے والے افراد کی موجودگی کا بھی پتہ لگایا۔ اُنھوں نے کہاکہ اِس کارروائی میں 62 موٹر سیکلیں ، 3 آٹو ضبط کرلئے گئے ہیں اور ٹریفک پولیس کو گاڑیوں کی ضبطی کی اطلاع دی جارہی ہے۔ ستیہ نارائنا نے کہاکہ حراست میں لئے گئے روہنگیاؤں کے پاس پناہ گزین کے کارڈس موجود ہونے کا بھی پتہ لگایا جائے گا جبکہ 15 مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لیا گیا۔ انھوں نے کہاکہ یہ تمام کارروائی جیو ٹائگنگ ٹیکنالوجی کے ذریعہ انجام دی گئی ہے۔

TOPPOPULARRECENT