Friday , April 27 2018
Home / Top Stories / پول پر کام کے دوران شاک لگنے سے کنٹراکٹ ملازم فوت

پول پر کام کے دوران شاک لگنے سے کنٹراکٹ ملازم فوت

سرکاری محکموں کی مجرمانہ غفلت سے محنت کش طبقہ کو سنگین خطرات کا سامنا
حیدرآباد ۔ 3 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : شہر میں غیر مجاز تعمیرات اور سرکاری محکموں کی لاپرواہی و مجرمانہ غفلت نہ صرف عام شہریوں بلکہ خود سرکاری محکموں سے وابستہ افراد کیلئے بھی خطرہ بن رہی ہیں ۔ اس طرح کے ایک واقعہ میں آج برقی محکمہ سے وابستہ ایک کنٹراکٹ ملازم ہلاک ہوگیا جو علاقہ کنگ کوٹھی کے پردہ گیٹ میں ایک برقی پول پر کام کر رہا تھا ۔ بتایا جاتا ہے کہ ملازم پول پر برقی شاک کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا اور سارے علاقہ میں اس واقعہ کے بعد سنسنی پھیل گئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ 42 سالہ بھومیا برقی محکمہ کا کنٹراکٹ لیبر تھا کاروان علاقہ کا ساکن بتایا گیا ہے ۔ یہ شخص کام کے سلسلے میں آج پردہ گیٹ کنگ کوٹھی پہونچا ۔ انسپکٹر نارائن گوڑہ مسٹر رویندر نے بتایا کہ برقی شاک کی زد میں آنے سے اس شخص کی موت ہوگئی جو برقی کے کھمبے پر کام میں مصروف تھا ۔ برقی شاک کی شدت کے سبب وہ کھمبے پر ہی فوت ہوگیا جس کی نعش کو برقی کھمبے سے نکال دیا گیا ہے ۔ شہر حیدرآباد و اکناف کے علاقوں میں اس طرح کے کئی واقعات پیش آرہے ہیں ۔ غیر مجاز تعمیرات کے سبب بلڈنگ اسٹرکچر تبدیل ہو کر بلدیہ و دیگر سرکاری محکموں کی سہولیات میں خلل پیدا ہوتا ہے جس کے سبب اس طرح کے واقعات پیش آرہے ہیں ۔ ایسے حالات میں خود سرکاری محکموں کی مجرمانہ غفلت ان کا سبب تصور کی جارہی ہے جو غیر مجاز تعمیرات کے سبب اپنی چاندی بنانے کی کوشش میں کارروائی اور اقدامات سے گریز کرتے ہیں اور سرکاری عہدے اور اختیار سے صرف اپنی فکر کرتے ہیں ۔ کنگ کوٹھی و اکناف کے علاقوں میں غیر مجاز تعمیرات کی کثرت ہے ۔ شہر کو مثالی بنانے کی دعویدار ریاستی حکومت کیلئے بھی ایسے واقعات دعوؤں پر کاری ضرب ہے چونکہ شہر کے بیشتر علاقوں میں برقی پول اور تاروں کی بھر مار ہوتی ہے ۔ تاروں کے گچھوں سے ان میں تمیز مشکل ہوجاتی ہے کہ برقی کا تار کونسا ہے اور عام تار کونسا حکومت اور بلدی حکام کو چاہئے کہ وہ ایسے واقعات کے تدارک کے لیے اقدامات کرے ۔ برقی عہدیداروں کو احتیاط سے خطروں سے اجتناب کی ضرورت ہے چونکہ مزدور عملہ خطرناک کام کرتا ہے جبکہ عہدیداروں پر ہر کنکشن کیلئے بھاری ہاتھ بدلی اور تحفہ حاصل کرنے کے الزامات ہیں ۔

TOPPOPULARRECENT