Sunday , November 19 2017
Home / ہندوستان / پونچھ میں خط ِ قبضہ پر پاکستان کی شلباری ، ایک دیہاتی ہلاک

پونچھ میں خط ِ قبضہ پر پاکستان کی شلباری ، ایک دیہاتی ہلاک

4 افراد زخمی ، جاریہ ماہ اب تک جنگ بندی کی 9 خلاف ورزیاں
جموں ۔ 7 سپٹمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ایک دیہاتی ہلاک اور دیگر 4 زخمی ہوگئے جب پاکستان نے آج ہراول چوکیوں اور شہری علاقوں پر ضلع پونچھ میں خط قبضہ کے پاس بھاری شلباری کی ۔ پاکستان کی فوج نے کرنی ۔ سبزیانگ سیکٹر ضلع پونچھ میں آج صبح زبردست مارٹر بم داغے جو 120 ملی میٹر کے تھے ۔ پاکستانی فوج کی اس زبردست شلباری سے اس علاقہ میں مقیم افراد میں دہشت کی لہر دوڑ گئی۔ محکمہ دفاع کے ترجمان نے کہاکہ فوج نے اس کا موثر جواب دیا جس کے نتیجہ میں فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوگیا جو تازہ ترین خبروں کے وصول ہونے تک اس علاقہ میں جاری ہے ۔ پاکستانی فوج نے مارٹر شل اور راکٹس سے پھینکے جانے والے دستی بم اور خودکار ہتھیاروں سے ہراول چوکیوں کو کل 11:30 بجے شب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نشانہ بنایا ۔ انھوں نے 82 ملی میٹر کے مارٹر شل داغے۔ آر پی جی اور خودکار اور چھوٹے ہتھیار استعمال کئے ۔ شلس رہائشی علاقوں میں گر پڑے۔ ایک دیہاتی عبدالحامد شلباری میں ہلاک اور دیگر 4 افراد زخمی ہوگئے ۔ ترجمان نے کہاکہ سپرنٹنڈنٹ پولیس پونچھ جے ایس جوہر بھی زخمی ہوئے اور دواخانہ میں شریک کردیئے گئے ہیں۔ پاکستانی فوجیوں نے جنگ بندی کی جاریہ ماہ سپٹمبر میں اب تک 9 مرتبہ خلاف ورزی کی ہے جبکہ ڈائرکٹر جنرل سطح کے مذاکرات سرحدوں کے درمیان جن کی نگرانی ہندوستانی اور پاکستانی فوجیں کرتی ہیں 9سپٹمبرسے شروع ہونے والے ہیں۔ جموںو کشمیر میں جنگ بندی کی خلاف ورزیاں بشمول نشانہ بازوں کے حملے ، دراندازی کلیدی مسائل میں شامل ہیں۔ توقع ہے کہ ہندوستان ، پاکستان کے ساتھ پانچ روزہ مذاکرات میں یہ مسائل اُٹھائے گا ۔ سرحدپر وقفہ وقفہ سے فائر بندی کی خلاف ورزی ہوتی رہی ہے حالانکہ رواں سال پاکستان نے جنگ بندی کا معاہدہ بھی کیا۔

TOPPOPULARRECENT