Thursday , April 19 2018
Home / ہندوستان / پونچھ میں پاکستان کی شلباری ‘ ایک خاندان کے 5 افراد ہلاک

پونچھ میں پاکستان کی شلباری ‘ ایک خاندان کے 5 افراد ہلاک

ماں ‘ باپ اور تین بھائی لقمہ اجل ۔ دو بہنیں شدید زخمی ۔ چیف منسٹر محبوبہ مفتی کا اظہار رنج
جموں 18 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی افواج نے جموں و کشمیر کے پونچھ ضلع میں سرحدی گاؤں پر مورٹار بموں سے فائرنگ کی جس کے نتیجہ میں ایک خاندان کے پانچ افراد ہلاک ہوگئے جن میں تین کم عمر بھائی بھی شامل ہیں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ پاکستانی افواج نے لائین آف کنٹرول کے اندر تقریبا تین چار کیلومیٹر تک بلااشتعال فائرنگ کردی ۔ آج صبح یہ فائرنگ چار گھنٹوں تک جاری رہی ۔ شلباری میں دو بہنیں شدید زخمی ہوئی ہیں جنہیں بذریعہ ہیلی کاپٹر علاج کیلئے جموں منتقل کیا گیا ہے ۔ چیف منسٹر جموں و کشمیر محبوبہ مفتی نے ان اموات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ اگر ہم ریاست کے عوام کو بچانا چاہتے ہیں تو ہمیں امن قائم کرنا ہوگا ۔ فوجی پی آر او لیفٹننٹ کرنل دیویندر آنند نے کہا کہ لائین آف کنٹرول کے پار سے بلا اشتعال اور بے دریغ فائرنگ صبح 7.45 بجے سے دن میں 11.30 تک جاری رہی ۔ ہندوستانی افواج نے بھی فائرنگ کا موثر جواب دیا ہے ۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس ایس پی وید نے اپنے ٹوئیٹ میں کہا کہ لائین آف کنٹرول کے پار سے ہوئی فائرنگ میں ایک خاندان کے پانچ افراد ( عام شہری ) ہلاک ہوئے ہیں اور دو زخمی ہوئی ہیں جنہیں علاج کیلئے دواخانہ منتقل کیا گیا ہے ۔ ایک پولیس عہدیدار نے کہا کہ پاکستانی فائرنگ کی زد میں چودھری محمد رمضان کا مٹکی کا مکان آگیا تھا اور اس کے منہدم ہوجانے کے نتیجہ میں پانچ افراد ہلاک ہوگئے ۔ مہلوکین میں محمد رمضان ( 35 سال ) ‘ ان کی اہلیہ ملیکہ بی ( 32 سال ) ان کے فرزندان عبدالرحمن ( 14 سال ) محمد رضوان ( 12 سال ) اور رزاق رمضان ( 7 سال ) ہلاک ہوگئے ۔ رمضان کی دو دختران گیارہ سالہ نسرین کوثر اور پانچ سالہ مہرین کوثر اس واقعہ میں شدید زخمی ہوگئیں اور انہیں علاج کیلئے جموں منتقل کیا گیا ہے ۔ چیف منسٹر محبوبہ مفتی نے اپنے ٹوئیٹ میں ان پانچ افراد کی ہلاکتوں پر انتہائی افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے افراد خاندان سے تعزیت بھی کیا ہے ۔ فوجی پی آر او نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی سنگین مسئلہ ہے کیونکہ سرحد کے کافی اندر تک شہری آبادیوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT