Thursday , November 23 2017
Home / کھیل کی خبریں / پونے اور پنجاب آج کامیاب اختتام کے خواہاں

پونے اور پنجاب آج کامیاب اختتام کے خواہاں

وشاکھاپٹنم ۔ 20 مئی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) خطاب کی دعویداری پہلے ہی ختم ہوچکی ہے لہذا کنگس الیون پنجاب اور دھونی کی زیرقیادت رائزنگ پونے سوپر جینٹس ٹیمیں کل آئی پی ایل 2016 ء کے اپنے آخری مقابلے میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے رواں سیزن کا اختتام کرنے کی خواہاں ہوگی ۔ پونے کی ٹیم جس نے اسی میدان پر دہلی ڈیرڈیولس کے خلاف گزشتہ مقابلے میں کامیابی حاصل کی ہے اور وہ اپنے اس گھریلو میدان پر پنجاب کو شکست دیکر حریف ٹیم کے خلاف ہوئی گزشتہ شکست کا حساب برابر کرنے کیلئے کوشاں ہوگی ۔ پونے کو یہاں آر سی بی اور سن رائیزرس حیدرآباد کے خلاف ناکامیاں برداشت کرنی پڑی ہیں ۔ دوسری جانب پنجاب کی ٹورنمنٹ میں چوتھی اور آخری کامیابی اسی میدان پر درج ہوئی ہے جس نے خود سے بہتر ممبئی انڈینس کو شکست دی تھی ۔ پونے کی ٹیم کا ٹورنمنٹس سے ابتدائی مرحلے میں اخراج کپتان مہندر سنگھ دھونی کے لئے ایک نیا تجربہ ہوگا کیونکہ گزشتہ آٹھ ایڈیشن میں انھوں نے سابق ٹیم چینائی سوپر کنگس کی نہ صرف کامیاب قیادت کی تھی بلکہ متعدد مرتبہ خطابات بھی حاصل کئے تھے ۔ پونے کو ٹورنمنٹ کے آغاز پر ہی اپنے اہم بیرونی کھلاڑیوں کے یکے بعد دیگرے زخمی ہوکر ٹورنمنٹ سے باہر ہونے کا شدید نقصان اُٹھانا پڑا ہے کیونکہ اسٹار کھلاڑیوں میں شامل کیون پیٹرسن ، اسٹیو اسمتھ ، فاف ڈوپلیسی اور مچل مارش اہم موقع پر زخمی ہوکر آئی پی ایل سے باہر ہوئے ہیں۔ دوسری جانب پنجاب کیلئے بھی حالات تبدیل نہیں ہوئے ہیں ۔ کپتان تبدیل کیا گیا ، بیرونی کھلاڑیوں کو آخری وقت میں شامل کرتے ہوئے ٹیم کو مستحکم کرنے کی کوشش کی گئی لیکن تمام تجربے اس کی قسمت بدل نہیں پائے ہیں اور اب گلین میکسویل کی خدمات بھی دستیاب نہیں ہے۔

TOPPOPULARRECENT