Friday , November 24 2017
Home / کھیل کی خبریں / پونے سوپر جائنٹس کی توجہ اب آئی پی ایل خطاب پر مرکوز

پونے سوپر جائنٹس کی توجہ اب آئی پی ایل خطاب پر مرکوز

اسمتھ فائنل میں بھی ٹیم کے بہتر مظاہر کیلئے پر عزم

ممبئی۔17مئی (سیاست ڈاٹ کام ) ممبئی انڈینس کے خلاف شاندار کامیابی کے ساتھ آئی پی ایل10 کے فائنل میں پہنچنے سے پُرعزم رائزنگ پونے سوپرجائنٹس کے کپتان اسٹیون اسمتھ نے کہا کہ ٹیم ایک خاص منصوبہ بندی کے تحت اس میچ میں اتری تھی اور انہیں خوشی ہے کہ ٹیم پہلی مرتبہ اس ٹورنمنٹ کے فائنل میں پہنچ سکی ہے ۔اسمتھ نے مزید کہا ہے کہ یہ سال ہمارے لئے اچھا رہا۔ ہم سب سے پہلے فائنل میں پہنچے ہیں۔ممبئی ایک بہترین حریف ہے اور یہ ایک سخت میچ تھا لیکن ہمیں خوشی ہے کہ بالآخر ہم خطابی مقابلے میں پہنچنے میں کامیاب رہے۔انہوں نے کہا، 160 کے اوپر کا اسکور کامیابی کے قابل تھا اور بولروں نے صحیح موقع پر فارم میں لوٹتے ہوئے وکٹ لئے ۔ اگر آپ اس طرح کے بڑے ٹورنمنٹ میں کھیلتے ہو تو آپ کو اپنی کارکردگی میں تسلسل اور صحیح وقت پر بہتر مظاہرہ کرنا انتہائی ضروری ہوتا ہے ۔ ہم ایک خاص منصوبہ بندی کے ساتھ اس میچ میں اترے تھے اور اسی کے مطابق آگے بڑھتے ہوئے جیت اپنے نام کی۔پونے نے اس کامیابی کے ساتھ21 مئی کو ہونے والے فائنل میں جگہ بنا لی ہے جبکہ ممبئی کے پاس اس شکست کے باوجود فائنل میں پہنچنے کا ایک اور موقع باقی ہے ۔ ممبئی کو ایلمنٹیر کے فاتح سے دوسرے کوالیفائنگ میچ میں مقابلہ کرنے کا موقع ہے اور دوسرے کوالیفائنگ مقابلے کو جیتنے والی ٹیم فائنل میں پونے سے مقابلہ کرے گی۔پونے کی اس شاندار جیت کا سہرا سابق کپتان دھونی کو جاتا ہے جنہوں نے آخری دو اووروں میں 5 چھکوں سمیت ناٹ آؤٹ40  رنز کی قیمتی اننگز کھیلی جس کی بدولت پونے کی ٹیم مشکل اسکور تک پہنچ سکی۔ممبئی کی مضبوط بیٹنگ کو تباہ کرنے کا کام 17 سالہ نوجوان آف اسپنر واشنگٹن سندر نے کیا جنہوں نے چار اوور میں صرف 16 رن دے کر کپتان روہت شرما (ایک)، رائیڈو (صفر) اور کیرون پولارڈ (سات) کے وکٹ لے کر ممبئی کی امیدوں کو توڑ دیا۔اس سے پہلے لینڈل سمنس صرف پانچ رن بنا کر آؤٹ ہو گئے ۔ پارتھیو پٹیل نے40 گیندوں پر تین چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 52 رن بنا کر یکطرفہ جدوجہد کی لیکن ٹیم میچ میں واپس نہیں آ سکی۔ شاردل ٹھاکر نے پٹیل کو آؤٹ کر کے ممبئی کی بچی تمام امیدوں کو ختم کر دیا۔ہاردک پانڈیا نے 14، کرنال پانڈیا نے 15، مشل میکلینیگن نے 12 اور جسپریت بمرا نے ناٹ آؤٹ 16 رن بنائے ۔ سندر کے تین وکٹ کے علاوہ ٹھاکر نے37  رنز پر تین وکٹ لئے جبکہ جے دیو انادکٹ اور لوکیو فرگووسن کو ایک ایک وکٹ ملی۔ میچ میں تین وکٹ لے کر آئی پی ایل 10 کے سب سے نوجوان کھلاڑی مین آف دی میچ کا خطاب پانے والے گیند باز واشنگٹن سندر نے اپنی خوشی ظاہر کرتے ہوئے کہا،یہ میرے لئے انتہائی حوصلہ افزا رہا اور حوصلہ بڑھانے والی بات ہے کہ میں نے اس اہم میچ میں ممبئی جیسی مضبوط ٹیم کے خلاف ایسی کارکردگی پیش کی۔ انہوں نے کہا، یہ کارکردگی میرے والدین کے لئے وقف ہے جن کی محنت اور دعاؤں سے میں ایسا کر سکا۔ اس وقت میری بس یہی کوشش رہے گی کہ میں اپنی فارم کو برقرار رکھوں اور مزید بہتر کارکردگی پیش کرسکوں۔مجھے پوری امید ہے کہ ہم ٹرافی جیت کر سکتے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT