Thursday , November 23 2017
Home / ہندوستان / پونے میں 5 لاکھ میں سنگل بیڈ روم فلیٹ کا جھانسہ، 20 ہزار افراد شکار

پونے میں 5 لاکھ میں سنگل بیڈ روم فلیٹ کا جھانسہ، 20 ہزار افراد شکار

پونے ۔ 20 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) میپل گروپ کے 5 لاکھ روپئے میں سنگل بیڈروم فلیٹ کے متنازعہ پراجکٹ میں تقریباً 20 ہزار خریداروں کے رجسٹر کروانے کا انکشاف ہوا ہے۔ معاشی جرائم ونگ (ای او ڈبلیو) نے فرم کے سینئر ایگزیکیٹیوز کے خلاف دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کرنے کے دوسرے دن عوام سے جنہوں نے گمراہ کن اشتہارات پر یقین کرتے ہوئے رجسٹریشن کروائے، اپیل کی ہیکہ آگے آئیں اور ایجنسی سے اپنی شکایات درج کروائیں۔ ڈپٹی کمشنر پولیس (ای او ڈبلیو) دیپک سکورے نے جو اس معاملہ کی تحقیقات کررہے ہیں، کہا کہ بادی النظر میں تقریباً 20 ہزار افراد نے پراجکٹ میں اپنے نام کا رجسٹریشن کروایا۔ میپل گروپ کے ایک بینک اکاونٹ میں تقریباً 6 لاکھ روپئے موجود تھے جو آن لائن ادائیگی کے ذریعہ جمع کئے گئے۔ میپل گروپ نے حال ہی میں اشتہارات شائع کرتے ہوئے سنگل بیڈروم ہال، کچن فلیٹ شہر کے مضافات میں صرف 5 لاکھ روپئے میں فراہم کرنے کا وعدہ کیا۔ ڈیولپرس نے اشتہارات میں وزیراعظم نریندرمودی، چیف منسٹردیویندر فرنویس اور دیگر کی تصاویر استعمال کیں اور اسے ’مہاراشٹرا ہاؤزنگ ڈے‘ عنوان دیا، جس سے عوام کو غلط فہمی ہوگئی کہ یہ ’’پردھان منتری کے آواس یوجنا‘‘ کا حصہ ہے۔ اس دوران میپل گروپ نے پہلی مرتبہ خاموشی ختم کرتے ہوئے کہا کہ خواہشمند خریداروں سے لی گئی فیس کی واپسی پہلے ہی شروع کی جاچکی ہے اور اشتہارات کی وجہ سے جو غلط فہمی ہوئی اس پر انہیں افسوس ہے۔

TOPPOPULARRECENT