Saturday , February 24 2018
Home / Top Stories / پون کلیان آج سے تلنگانہ کے دورہ کا آغاز کرینگے

پون کلیان آج سے تلنگانہ کے دورہ کا آغاز کرینگے

کریمنگر میں ہنومان درشن کے بعد کارکنوں سے ملاقات۔ تین دن کے شیڈول کا اعلان
حیدرآباد 21 جنوری ( پی ی آئی ) جنا سینا کے بانی و ٹالی ووڈ اداکار پون کلیان نے آج کہا کہ وہ کل کریمنگر کے قریب کونڈا گٹو میں ہنومان مندر کا دورہ کرتے ہوئے اپنے سیاسی پروگرام کا اعلان کرینگے ۔ پون کلیان نے کہا کہ وہ کل اپنے آئندہ تین دنوں کے پروگرام کا ہی اعلان کرینگے کیونکہ انہوں نے ابھی تک ریاستی عوام تک رسائی کیلئے قطعی پروگرام طئے نہیں کیا ہے ۔ انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ کل کریمنگر کے قریب لارڈ ہنومان کے درشن کرینگے اور وہاں سے آئندہ تین دن کے پروگرام کا اعلان کرینگے ۔ اس کے بعد وہ ہر تین یا چار دن کے پروگرام کا اعلان کرتے جائیں گے کیونکہ ابھی تک انہوں نے یہ طئے نہیں کیا ہے کہ وہ عوام سے ملاقات کیلئے پدیاترا کرینگے یا پھر روڈ شو میں حصہ لیں گے یا کوئی اور طریقہ اختیار کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کا تلنگانہ کیلئے اصل ایجنڈہ یہی ہے کہ پارٹی ورکرس سے ملاقات کریں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکنوں سے ملنے والی رائے کے مطابق وہ اپنے ایکشن پلان کوقطعیت دینگے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کے پروگرامس کے دوران کوئی عوامی جلسے نہیں ہونگے بلکہ صرف جنا سینا پارٹی کارکنوں کے اجلاس ہونگے ۔ سیاسی تجزیہ نگار اور سابق ایم ایل سی ناگیشور نے نے کہا کہ تلنگانہ میں پون کلیان کا کوئی اثر نہیں رہے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں اداکار کیلئے کوئی سیاسی جگہ نہیں رہے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ہوسکتا ہے کہ پون کلیان اپنی ان سرگرمیوں سے اپنے پرستاروں کی تعداد کو برقرار رکھ سکیں یا اس میں اضافہ کرسکیں لیکن یہ پرستار سیاست میں پون کلیان کے حامی نہیں ہوسکتے کیونکہ پون کلیان آندھرا سے تعلق رکھتے ہیں۔ اس دوران پولینڈ کے سفیر برائے ہند آدم برکوسکی نے آج پون کلیان سے ملاقات کی اور ان سے تلگو فلموں کی شوٹنگ کیلئے پولینڈ کی تشہیر کرنے کی درخواست کی ۔ پون کلیان نے 2014 میں جنا سینا پارٹی قائم کی تھی تاہم انہوں نے اس وقت آندھرا پردیش میں تلگودیشم ۔ بی جے پی اتحاد کی تائید کی تھی ۔ اب حالیہ عرصہ میں وہ بی جے پی پر تنقیدیں کرنے لگے ہیں اور ان کا الزام ہے کہ بی جے پی نے تقسیم ریاست کے قانون میں کئے گئے وعدوں کو پورا نہیں کیا اور خاص طور پر آندھرا پردیش کو خصوصی ریاست کا درجہ نہیں دیا ہے ۔ انہوں نے سال نو کے موقع پر چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ سے بھی ملاقات کی تھی ۔

TOPPOPULARRECENT