Friday , December 15 2017
Home / شہر کی خبریں / پون کلیان کا آج تروپتی میں جلسہ عام سے خطاب

پون کلیان کا آج تروپتی میں جلسہ عام سے خطاب

وجئے واڑہ ۔ 26 ۔ اگست : ( پی ٹی آئی ) : تلگو فلم اسٹار اور جناسینا پارٹی قائد پون کلیان ایک طویل وقفہ کے بعد کل تروپتی میں ایک جلسہ عام سے مخاطب کریں گے ۔ اس اچانک ایونٹ کے بارے میں تجسس پیدا ہورہا ہے ۔ بہت عرصہ تک پون کلیان نے ریاست کے امور کے تعلق سے کچھ نہیں کہا اور 30 اپریل کے بعد کچھ ٹوئیٹ بھی نہیں کیا ۔ حالانکہ ریاست آندھرا پردیش کو خصوصی موقف پر ان کی مسلسل خاموشی پر سوشیل میڈیا میں انہیں تنقید کا نشانہ بنایا گیا ۔ پون کلیان وزیراعظم نریندر مودی کے ایک زبردست حامی رہے ہیں اور چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو کے ساتھ بھی ان کے دوستانہ تعلقات ہیں ۔ خصوصی موقف پر انہوں نے صرف ایک حالیہ بیان اس وقت دیا جب انہوں نے کرناٹک کے سابق چیف منسٹر کمارا سوامی سے 20 اگست کو حیدرآباد میں ملاقات کی تھی ۔ کلیان نے اس دن کہا تھا ’ یہ ایک حساس مسئلہ ہے اور میں مناسب وقت پر اس کے بارے میں کہوں گا ‘ ۔ توقع کی جارہی ہے کہ وہ کل کے جلسہ عام میں اس مسئلہ پر اپنا موقف واضح کریں گے ۔ پون کلیان گذشتہ دو دن سے مندر کے ٹاون تروپتی میں کیمپ کیے ہوئے ہیں ۔۔

TOPPOPULARRECENT