Wednesday , January 24 2018
Home / شہر کی خبریں / پون کلیان کی تلگو دیشم کے لیے انتخابی مہم

پون کلیان کی تلگو دیشم کے لیے انتخابی مہم

چندرا بابو سے ملاقات ، دونوں ریاستوں کی ترقی پر تبادلہ خیال

چندرا بابو سے ملاقات ، دونوں ریاستوں کی ترقی پر تبادلہ خیال
حیدرآباد ۔ 23 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : صدر تلگو دیشم مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے آج فلم اسٹار و سربراہ جن سینا پارٹی مسٹر پون کلیان سے ان کی قیام گاہ پر ان سے ملاقات کرتے ہوئے تلگو دیشم پارٹی کے حق میں انتخابی مہم چلانے کی خواہش کی جس پر پون کلیان نے رضا مندی ظاہر کردی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ مسٹر نائیڈو نے ملاقات کے دوران پون کلیان کو پارٹی کے موقف اور ریاست کی موجودہ صورتحال سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ دونوں ریاستوں تلنگانہ اور منقسم آندھرا پردیش کی مجموعی ترقی کے لیے یہ ضروری ہے کہ تلگو دیشم کو اقتدار حاصل ہو اور تلگو دیشم دونوں ریاستوں کو بہتر انداز میں منصوبہ بندی کرتے ہوئے ترقی سے ہمکنار کرے ۔ مسٹر پون کلیان نے مسٹر نائیڈو سے بات چیت کے بعد اس بات کا اعلان کیا کہ وہ تلگو دیشم پارٹی کے حق میں انتخابی مہم چلائیں گے اور عوام میں رائے دہی کے شعور کو اجاگر کرنے میں کلیدی رول ادا کریں گے ۔ مسٹر نائیڈو سے ہوئی تفصیلی ملاقات کے دوران دونوں قائدین کے ہمراہ تلگو دیشم قائد مسٹر پی کیشو موجود تھے ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس ملاقات کے دوران دونوں سربراہان پارٹی نے مختلف امور بالخصوص مرکز میں ین ڈی اے حکومت کی تشکیل کے ذریعہ دونوں ریاستوں کی ترقی کو یقینی بنانے کے منصوبہ پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔ بعد ازاں مسٹر پون کلیان نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ صدر تلگو دیشم کی خواہش پر وہ تلگو دیشم پارٹی کے لیے انتخابی مہم چلائیں گے اور اس سلسلہ میں وہ دونوں ریاستوں کا دورہ کرتے ہوئے بدعنوانیوں و بے قاعدگیوں کے واقعات کے علاوہ دونوں ریاستوں کے عوام کی پسماندگی اور قومی سطح پر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ و دیگر مسائل پر عوام کے درمیان پہونچیں گے تاکہ دونوں ریاستوں میں تلگو دیشم پارٹی کو مزید مستحکم کیا جاسکے ۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ مسٹرنائیڈو کو اقتدار حاصل ہونے کی صورت میں دونوں ریاستوں کی ترقی بھی یقینی ہوگی ۔۔

TOPPOPULARRECENT