Sunday , December 17 2017
Home / ہندوستان / پٹرول قیمتوں میں کمی کے فائدہ سے عوام محروم : یچوری

پٹرول قیمتوں میں کمی کے فائدہ سے عوام محروم : یچوری

نئی دہلی ۔ 18 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) سی پی آئی ایم نے آج کہا کہ عالمی مارکٹ میں تیل کی قیمتوں میں گراوٹ آتی جا رہی ہے لیکن اس کا فائدہ ملک میں عوام کو نہیں ہو رہا ہے کیونکہ حکومت بجٹ سے قبل مالیہ وصولی میں اضافہ کی کوشش میں لگی ہوئی ہے ۔ پارٹی جنرل سکریٹری سیتارام یچوری نے پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کاہ کہ بین الاقوامی مارکٹ میں تیل کی قیمتیں گرتی جا رہی ہیں۔ یہ قیمتیں سابقہ قیمتوں سے تین گنا کم ہوگئی ہیں لیکن حکومت نے اس میں نو مرتبہ اضافہ کیا ہے جب سے نریندر مودی ملک کے وزیر اعظم بنے ہیں۔ حکومت کی جانب سے عوام کو فائدہ پہونچانے سے گریز پر یچوری نے کہا کہ یہ واضح ہوگیا ہے کہ حکومت بجٹ سے قبل اپنی آمدنی میں اضافہ کی کوششیں کر رہی ہے ۔ اکسائز ڈیوٹی میں کل بھی اضافہ کیا گیا ہے جس کے نتیجہ میں عوام پر ہی بوجھ عائد ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صرف اپنے مالیہ اور آمدنی میں اضافہ چاہتی ہے اور عوام کو مسلسل قیمتوں میں اضافہ کی وجہ سے بوجھ برداشت کرنا پڑ رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی مارکٹ میں قیمتوں میں مسلسل گراوٹ کے باوجود حکومت نے یہ فائدہ عوام تک نہیں پہونچایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب قیمتیں کم ہوتی جا رہی ہیں تو ہندوستان کے عوام کو اس سے فائدہ ہونا چاہئے ۔ انہوں نے پارلیمنٹ میں مختلف مسائل پر تعطل کیلئے حکومت کو ذمہ دار قرار دیا ہے اور کہا کہ اس نے ابھی تک کوئی اجلاس طلب نہیں کیا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT