Friday , November 24 2017
Home / Top Stories / پٹنہ میں آر جے ڈی ریل منسوخ کرنے سشیل مودی کی اپیل مسترد

پٹنہ میں آر جے ڈی ریل منسوخ کرنے سشیل مودی کی اپیل مسترد

ریالی منسوخ کرنے سے کیا سیلاب ختم ہوجائے گا، لالو کا سوال، وزیراعظم کے مجوزہ دورہ پر تنقید
پٹنہ ۔ 23 اگست (سیاست ڈاٹ کام) بہار میں سیلاب کی سنگین صورتحال کے پیش نظر بی جے پی نے 29 اگست کو پٹنہ میں منعقد شدنی آر جے ڈی کی ریلی ملتوی کرنے کی اپیل کی لیکن لالو پرساد یادو نے اس درخواست کو مسترد کردیا اور حیرت کے ساتھ دریافت کیاکہ ریلی کی منسوخی سے متاثرہ عوام کی کیسے مدد ہوسکتی ہے۔ بی جے پی کے لیڈر اور ڈپٹی چیف منسٹر سشیل کمار مودی نے کہا کہ ایک ایسے وقت جب ریاست کے 18 اضلاع سیلاب کے قہر کا سامنا کررہے ہیں اور 1.5 کروڑ سے زائد عوام متاثر ہوئے ہیں، شہر میں ایک سیاسی ریلی کے انعقاد سے آر جے ڈی کی بے حسی کا اظہار ہوتا ہے۔ انہوں نے اخباری نمائندوں سے کہا کہ ’’بہار میں سیلاب کے پیش نظر میں لالو پرساد سے ریلی منسوخ کرنے کی درخواست کرتا ہوں۔ ریاست میں سیلاب سے 250 افراد فوت اور دیگر لاکھوں متاثر ہوئے ہیں۔ تاہم لالو پرساد نے اس اپیل کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ’’سشیل مودی مجھے سبق نہ سکھائیں۔ کیا ریلی کی منسوخی سے سیلاب ختم ہوجائے گا؟۔ سشیل مودی نے کہا کہ سیلاب کیلئے متاثرہ آبادی سے دست تعاون دراز کرنے کے بجائے لالو پرساد یادو اور ان کی پارٹی عوام کو اس ریلی میں شرکت کیلئے متحرک کرنے میں مصروف ہیں۔ سشیل مودی نے کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی سے بھی اپیل کی کہ وہ اس ریلی سے خطاب نہ کریں اور دریافت کیا کہ ’’آیا آپ کیلئے یہ درست ہوگا کہ ریاست کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ نہ کریں اور گاندھی میدان پر آر جے ڈی کی ریلی سے خطاب کریں؟‘‘۔ سشیل مودی نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی 26 اگست کو اس ریاست کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔ اس دوران لالو پرساد یادو نے جن کے ساتھ ان کے بیٹے تیجسوی یادو اور ایک سینئر لیڈر جگدانند سنگھ بھی ساتھ تھے، یہ الزام عائد کیا کہ وزیراعظم مودی کا 26 اگست کو طئے شدہ دورہ دراصل دوسرے دن ہونے والی آر جے ڈی ریلی کو ناکام بنانے کے مقصد پر مبنی ہے۔ لالو پرساد نے دریافت کیا کہ ’’وزیراعظم نے گذشتہ سال اس ریاست کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیوں نہیں کیا جب یہاں عظیم اتحاد کی حکومت تھی؟۔ سیلاب زدہ علاقوں میں وزیراعظم کا دورہ محض ’’ہوا خوری‘‘ (تفریح) کے سواء اور کچھ نہیں ہے‘‘۔ آر جے ڈی سربراہ نے جے ڈی (یو) اور بی جے پی اتحاد کی حکومت میں دراڑ ڈالنے کی کوشش کے طور پر کہا کہ ’’سشیل مودی دعویٰ کررہے ہیں کہ ان کی درخواست پر وزیراعظم اس ریاست کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کررہے ہیں۔ سشیل مودی دراصل چیف منسٹر نتیش کمار کو گہنلگانے کی کوشش کررہے ہیں‘‘۔

TOPPOPULARRECENT