Wednesday , September 19 2018
Home / کھیل کی خبریں / پٹھان برادران، سہواگ اور گمبھیر کے بغیرگھریلو ٹوئنٹی 20 ٹورنمنٹ

پٹھان برادران، سہواگ اور گمبھیر کے بغیرگھریلو ٹوئنٹی 20 ٹورنمنٹ

ممبئی ۔ 7 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) انٹرزونل کے سید مشتاق علی ٹوئنٹی 20 ٹورنمنٹ کا کل ممبئی اور راجکوٹ میں آغاز ہورہا ہے اور اس ٹورنمنٹ میں یوسف پٹھان اور ان کے چھوٹے بھائی عرفان پٹھان کے علاوہ دہلی کی کرکٹ جوڑی ویریندر سہواگ اور گوتم گمبھیر بھی ایکشن میں نظر نہیں آئیں گے کیونکہ یہ کھلاڑی آئی پی ایل کے ساتویں ایڈیشن کے ضمن میں اپنی اپنی ٹیموں کی تیاریوں میں مصروف ہوچکے ہیں۔ کل یہاں ٹورنمنٹ کا افتتاحی مقابلہ بنگال اور بروڈا کے درمیان کھیلاجائے گا اور اس مقابلہ میں عرفان پٹھان اور یوسف پٹھان کی عدم موجودگی سے کرکٹ شائقین کی دلچسپی میں بھی کمی کا خدشہ ہے۔ دوسری جانب دہلی کا ابتدائی مقابلہ کیرالا سے ہوگا۔ تاہم دہلی کو ویریندر سہواگ اور گوتم گمبھیر کی خدمات دستیاب نہیں جبکہ کیرالا کو آئی پی ایل کے اسٹار بیٹسمین سنجو سامسن اور ٹی پرمیشورن کے علاوہ سندیپ واریر کی خدمات بھی دستیاب نہیں ہیں۔ بنگال کی قیادت سینئر آف اسپنر سریش لہری کریں گے کیونکہ ٹیم کو مستقل کپتان لکشمی رتن شکلا کے علاوہ منوج تیواری، وردمان ساہا، اشوک دنڈا اور پرتاپ سنگھ کی خدمات بھی دستیاب نہیں ہیں۔ بنگال کے کوچ اشوک ملہوترا نے کہا ہیکہ ٹیم کے کئی کلیدی کھلاڑیوں کی عدم موجودگی کی وجہ سے ان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کا موقع ملے گا جنہیں اہم کھلاڑیوں کی عدم موجودگی کی وجہ سے ٹیم میں کھلایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں چند اہم کھلاڑیوں کی کمی محسوس ہوگی لیکن امید ہیکہ نوجوانوں کھلاڑیوں میں دو تین کھلاڑی ایسے ہیں جو یقیناً اس موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے متاثرکن مظاہرے کریں گے۔ کیرالا جوکہ ابتدائی دو مقابلوں میں شکست کے باوجود اس ٹورنمنٹ کے اہم مرحلہ میں رسائی حاصل کرلی ہے اور وہ نئے کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم کے ساتھ ناک آوٹ مرحلہ میں بہتر مظاہرہ کیلئے پرعزم ہیں۔ گوتم گمبھیر کی عدم موجودگی میں دہلی کی قیادت پونیت بشت کو دی گئی ہے اور یوگیش نگر ان کے نائب ہوں گے۔ یوسف پٹھان کی عدم موجودگی میں ابتدائی دو مقابلوں کیلئے انڈر 19 کے اسپنر دیپک ہوڈا کو بروڈا کا کپتان بنایا گیا ہے جس کے بعد آدتیہ واگموڈھے ٹیم کی قیادت کریں گے۔ بولنگ شعبہ میں مناف پٹیل بروڈا کیلئے توجہ کا مرکز ہوں گے۔ ٹورنمنٹ کے تمام مقابلے دن میں ہی کھیلے جارہے ہیں لہٰذا ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم اور بی کے سی اسٹیڈیم میں بھی مقابلوں کا ایک ساتھ صبح 9.30 بجے آغاز ہوگا۔ گروپ مرحلہ کے مقابلے 12 اپریل کو ختم ہوں گے جس کے بعد 13 اپریل کو آرام کا دن مقرر کیا گیا ہے اور 14 اپریل کو آخری مرحلہ کے مقابلوں کا آغاز وانکھیڈے اسٹیڈیم میں ہوگا۔ ٹیموں کو گروپ اے اور گروپ بی میں تقسیم کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں گروپ اے کے مقابلے راجکوٹ میں کھیلے جائیں گے جبکہ گروپ بی کے مقابلوں کا میزبان ممبئی ہے۔ گروپ اے کا ابتدائی مقابلہ ہریانہ اور جھارکھنڈ کے درمیان ہوگا جبکہ گروپ بی کا افتتاحی مقابلہ بنگال اور بروڈا کے درمیان کھیلا جارہا ہے۔ آئی پی ایل 7 سے قبل یوسف پٹھان اور ان کے چھوٹے بھائی عرفان پٹھان نے بروڈا کی کامیاب نمائندگی کی ہے جس میں خصوصاً یوسف پٹھان کی متواتر نصف سنچریوں کے ذریعہ ٹیم کی چار فتوحات میں کلیدی رول ادا کیا جبکہ سہواگ اور گمبھیر نے بھی اے سے زائد مرتبہ نصف سنچریاں اسکور کی ہیں۔

TOPPOPULARRECENT