Monday , November 20 2017
Home / Top Stories / پٹھان کوٹ حملہ صرف ایک اشارہ : حافظ سعید

پٹھان کوٹ حملہ صرف ایک اشارہ : حافظ سعید

ہندوستان کے خلاف مزید حملے ہونگے ، کشمیریوں کی نسل کشی کا انتقام اصل مقصد
اسلام آباد۔ 4 فروری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے خلاف ایک اور انتقام انگیز ریمارک میں جماعت الدعوۃ کے سربراہ اور ممبئی دہشت گرد حملہ کے اصل سازشی ذہن حافظ محمد سعید نے ہندوستان میں مزید حملے کرنے کی دھمکی دی۔ ہندوستان سے مخاطب ہوکر انہوں نے کہا کہ ’’تم نے پٹھان کوٹ پر صرف ایک حملہ دیکھا ہے، اب یہاں سے حالات تباہ کن ہوجائیں گے۔ انہوں نے پاکستان مقبوضہ کشمیر میں جلسہ عام سے خطاب میں کہا کہ ہندوستان میں پے در پے حملے کئے جائیں گے۔ حافظ محمد سعید نے الزام عائد کیا کہ ہندوستانی فوج نے کشمیریوں پر شدید ظلم و زیادتیاں کی ہیں، کشمیریوں کی نسل کشی کا انتقام لیا جائیگا۔ پٹھان کوٹ طرز کے حملے کرنے کا ہم نے ارادہ کرلیا ہے۔

حافظ محمد سعید نے کشمیری دہشت گرد لیڈر سید صلاح الدین کی ستائش کی جنہوں نے یونائٹیڈ جہاد کونسل تشکیل دے کر پٹھان کوٹ میں ہندوستانی فضائی پٹی پر جنوری میں دو دہشت گرد حملے کرنے کی ذمہ داری قبول کرلی۔ گزشتہ ماہ حافظ محمد سعید پاکستان کے ایک خانگی ٹی وی چیانل پر مباحث میں حصہ لیا تھا۔ جماعۃ الدعوۃ اور لشکر طیبہ جیسے دہشت گرد گروپوں کے پروگرامس پیش کرنے پر حکومت پاکستان نے پابندی عائد کی ہے، اسکے باوجود ایک خانگی ٹی وی چیانل کے مباحثہ میں حافظ محمد سعید نے حصہ لیا۔ 27 جنوری کو ’چیانل24‘ کے ’ٹاک شو‘ میں حصہ لے کر حافظ سعید نے اپنی تنظیم کو عوامی بہبود کیلئے کام انجام دینے والی تنظیم قرار دیا۔ انہوں نے اس مباحثہ میں ہندوستان اور امریکہ کے تعلق سے بھی اظہار خیال کیا اور کہا کہ یہ دونوں ممالک، پاکستانی حکومت پر دباؤ ڈال رہے ہیں کہ وہ جماعۃ الدعوۃ اور جیش محمد جیسی تنظیموں کے خلاف کارروائی کرے۔ ان تنظیموں کے تعلق سے شبہ کیا جاتا ہے کہ پٹھان کوٹ حملے کیلئے یہ ذمہ دار ہیں۔ پٹھان کوٹ دہشت گرد حملے کا حوالہ دیتے ہوئے حافظ محمد سعید نے کہا کہ حکومت بعض غیرسرکاری عناصر کو نشانہ بناکر تنظیموں پر پابندی عائد کررہی ہے۔

پاکستان حافظ سعید پر لگام کسے :
ہندوستان کا رد عمل
نئی دہلی 4 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان نے جماعت الدعوہ سربراہ حافظ سعید کی پاکستان میں سرگرمیوں کو تشویشناک قرار دیا ہے ۔ وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سواروپ نے یہ واضح کیا کہ اب یہ پاکستان کی ذمہ داری ہے کہ وہ حافظ سعید پر لگام کسے ۔ انہوں نے کہا کہ حافظ سعید بین الاقوامی دہشت گرد ہے ۔ وہ خیراتی و امدادی کاموں کا جو ادعا کرتا ہے وہ درست نہیں ہے ۔ وہ دشت گرد سرگرمیوں اور دہشت گردوں کو فینانس فراہم کرنے میں ملوث ہے ۔ یہ ہر ایک کیلئے قابل تشویش بات ہے کہ حافظ سعید جیسا دہشت گرد آزاد ی سے گھوم  رہا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT