Thursday , November 23 2017
Home / ہندوستان / پٹھان کوٹ دہشت گردانہ حملہ کی تحقیقات

پٹھان کوٹ دہشت گردانہ حملہ کی تحقیقات

پنجاب پولیس آفیسر اور دوستوں کے مکانات کی تلاشی
نئی دہلی 21 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے آج پٹھان کوٹ دہشت گردانہ حملہ کی تحقیقات کے سلسلہ میں 6 مقامات بشمول پنجاب پولیس آفیسر سلویندر سنگھ اور ان کے دوست کے دفتر اور قیامگاہ کی تلاشی لی۔ نامزد عدالت سے سرچ وارنٹ حاصل کرنے کے بعد این آئی اے ٹیم مسٹر سلویندر سنگھ اسسٹنٹ کمانڈنٹ پنجاب آرمڈ پولیس کی قیامگاہ پہنچی۔ گرداسپور میں واقع ان کے دفتر و قیامگاہ کی تلاشی کے بعد ان کے جیویلری دوست راجیش ورما اور ایک خاتون ساتھی اور گھریلو باورچی مدن گوپال کے مکانات پر دھاوے کئے جہاں سے بعض اشیاء برآمد کرلی گئی ہیں اور جانچ پڑتال کے بعد تفصیلات پیش کی جائیں گی۔ مسٹر سلویندر سنگھ اپنے باورچی مدن گوپال اور دوست ورما کے ساتھ ایک کار میں سفر کررہے تھے کہ جیش محمد کے عسکریت پسندوں نے 31 ڈسمبر کی شب اغواء کرلیا تھا اگرچیکہ ورما کو زخمی حالت میں سڑک پر چھوڑ دیا گیا لیکن کچھ فاصلے پر جانے کے بعد دونوں کو صحیح سلامت رہا کردیا گیا۔ مذکورہ تینوں کے بیانات میں اغواء سے لے کر رہائی تک کے واقعات میں تضاد پایا جاتا ہے جس کے باعث سلویندر سنگھ سے نئی دہلی میں کئی دنوں سے پوچھ تاچھ کی جارہی ہے۔ حتیٰ کہ لائی ڈیٹکٹر اور دیگر نفسیاتی حربے بھی اختیار کئے گئے ہیں لیکن واضح جواب نہیں مل رہا ہے۔ باور کیا جاتا ہے کہ حملہ آور پاکستانی عسکریت پسندوں اور مذکورہ پولیس آفیسر کے درمیان ساز باز پائی جاتی ہے اور وہ این آئی اے کے شک کے دائرہ میں آگئے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT