Monday , December 11 2017
Home / کھیل کی خبریں / پچ خراب کرنے والے کیوریٹرسیلگاؤنکر برطرف

پچ خراب کرنے والے کیوریٹرسیلگاؤنکر برطرف

پونے کی وکٹ کو فاسٹ بولر وں کے لئے سازگار بنانے کی کوشش
صحافی کے اسٹنگ آپریشن نے پردہ فاش کردیا

پونے۔25 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) لگتا ہے اب کیوریٹر سٹے بازوں کی ایماء پر پچ فکسنگ کرنے لگے، صحافی نے اسٹنگ آپریشن کے دوران ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان آج دوسرے ونڈے میچ سے قبل کیوریٹر کو لالچ دے کر پچ خراب کرنے کا بڑا انکشاف کر دیا جس کے بعد ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے مہاراشٹر کرکٹ اسوسی ایشن (ایم سی اے ) کے کیوریٹر پانڈورانگ سیلگاؤنکر کو مبینہ طور پر بدعنوانی کے معاملے میں ملوث پائے جانے کے بعد عہدہ سے برخاست کردیا ہے ۔ ایک ٹی وی چینل کے ایک اسٹنگ آپریشن میں، سیلگاؤنکر کو فاسٹ بولروں کے لئے سازگار پچ تیار کرنے کے لئے مبینہ طور پر رضامندی ظاہر کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے ۔ اس آپریشن میں انہوں نے سٹے باز بن کر آنے والے صحافی کو پچ بھی دکھائی جو بی سی سی آئی اور بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے قوانین کی خلاف ورزی ہے ۔اس صورت میں کیوریٹر کے خلاف فی الحال کوئی سرکاری تحقیقات کرنے سے قبل ہی بی سی سی آئی نے انہیں فوری طور پر پنے پچ اور پچ کمیٹی کے رکن کے عہدے سے برخاست کر دیا ہے ۔ ٹی وی کے ایک رپورٹر نے اسٹنگ آپریشن کے دوران پچ کے نگران کیوریٹر 68 سالہ پندورنگ سلگاؤنکر کو نیوزی لینڈ اور ہندوستان کے مابین آج پونے میں ہونے والے دوسرے ون ڈے میچ کیلیے اپنی مرضی کی پچ تیار کرنے کیلئے رقم کا لالچ دیا توکیوریٹر نے رپورٹر کے دیئے گئے کام کے مطابق پچ خراب کی۔اس حوالے سے سامنے آنے والی وڈیو میں سٹہ باز کے روپ میں ٹی وی رپورٹر پچ کے نگران کو اپنی مرضی کی پچ بنانے کی ہدایت دے رہا ہے، جس پر کیوریٹر پچ کو پاؤں سے اکھاڑنے اور خراب کرنے کی کوشش کر رہا ہے، پچ تنازعہ سامنے آنے کے بعد بی سی سی آئی نے میچ کچھ دیر کے لئے روکا تاہم آئی سی سی کے میچ ریفری نے پچ کی جانچ پڑتال کی اور میچ کھیلنے کی اجازت دے دی۔ مہاراشٹرا کرکٹ اسوسی ایشن نے سلگاؤنکر کے گراؤنڈ میں داخلے پر پابندی عائد کرتے ہوئے تمام عہدوں سے فوری طور پر برطرف اور پچ خراب کرنے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔بی سی سی آئی کے قانون کے مطابق کوئی بھی غیر متعلقہ شخص پچ تک رسائی حاصل نہیں کر سکتا چاہے وہ صحافی ہی کیوں نہ ہو۔ بی سی سی آئی کے قائم مقام سیکرٹری امیتابھ چوہدری نے کہا ہے کہ غیر متعلقہ شخص کی پچ تک رسائی کا جواب اینٹی کرپشن یونٹ کو دینا چاہیے اور اینٹی کرپشن یونٹ سے تعلق رکھنے والے ہر ذمہ دار اس بات کا جواب دینے کا پابند ہے۔ بی سی سی آئی کرکٹ میں کرپشن کے حوالے سے زیرو ٹالرینس کی پالیسی اپنائے ہوئے ہے، پچ فکسنگ کا معاملہ حیران کن ہے، اس حوالے سے فوری کارروائی کی جائے گی۔واضح رہے کہ 68 سالہ سلگاونکر ہندوستان کی جانب سے فاسٹ بولر کے طور پر 63 فرسٹ کلاس میچز کھیل چکے ہیں جس میں انہوں نے 214 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ وہ مہاراشٹرا رانجی ٹرافی ٹیم کے چیف سلیکٹر بھی رہ چکے ہیں۔ رواں سال فروری میں اسی پچ پر آسٹریلیا اور ہندوستان کے مابین ٹسٹ میچ کھیلا گیا تھا اور آئی سی سی نے پچ کو ناقص قرار دیا تھا، اس پچ کے نگران بھی سلگاونکر ہی تھے۔

 

TOPPOPULARRECENT