Monday , December 18 2017
Home / شہر کی خبریں / پڑوسن کے شیر خوار بچہ کو فروخت کرنے والی دو بہنیں گرفتار

پڑوسن کے شیر خوار بچہ کو فروخت کرنے والی دو بہنیں گرفتار

حیدرآباد ۔ 28 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : پڑوسی خاتون کی معاشی تنگدستی کا فائدہ اٹھا کر مدد کے بہانے اس کے نومولود کو فروخت کرنے کا واقعہ پیش اپل میں آیا ۔ پولیس نے 2 ماہ کے شیرخوار بچہ کی والدہ کی شکایت پر مقدمہ درج کرکے دو خواتین کو گرفتار کرلیا ۔ نسیم بیگم اپنے تین بچوں کے ہمراہ رامنتا پور میں رہتی ہے ۔ اس کے پڑوس میں انوسویا نامی خاتون رہتی ہے ۔ نسیم اپنے دو لڑکوں اور ایک لڑکی کے ساتھ زندگی بسر کررہی ہے ایک سال قبل نسیم کے شوہر نے بیوی اور بچوں کو چھوڑ دیا اور ان سے قطع تعلق کرلیا ۔ اس وقت خاتون حاملہ تھی اور تین بچوں کے علاوہ پیدا ہونے والے بچہ کی پرورش کی فکر سے پریشان تھی ۔ اپنی پریشانی کا ذکر پڑوسی خاتون سے کیا تھا ۔ پڑوسی خاتون نے اس کو ہمت دلائی ۔ اس نے نسیم کی داستان اپنی بہن سے سنائی اور بہن جیہ سری سے اس حاملہ مسلم خاتون کی مالی مدد کردی گئی ۔ خاتون ہمدردی کے نظریہ سے مدد لے رہی تھی لیکن ان دونوں کے ذہن میں کچھ اور چل رہا تھا ۔ وہ اپنے منصوبہ پر عمل کررہی تھیں جیسے ہی دو ماہ قبل نسیم نے لڑکے کو جنم دیا بچے کو بیمار بتاکر غائب کردیا گیا ۔ ماں سے کہا جاتا کہ بچے کی صحت خراب ہے لہذا ڈاکٹروں کے مشورہ پر دوسرے مقام پر رکھا گیا ہے ۔ 2 ماہ کا عرصہ گذرنے کے بعد نسیم نے شبہ ظاہر کرتے ہوئے مسئلہ کو اپل پولیس سے رجوع کردیا ۔ انسپکٹر اپل نرسنگ راؤ نے بتایا کہ خاتون کی شکایت پر تحقیقات کی گئیں اور بچہ کو میدک سے برآمد کرلیا گیا ۔ بچے کو 40 ہزار روپئے میں فروخت کردیا تھا ۔ پولیس کے مطابق دونوں خواتین کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور بچے کو شیشووہار کے حوالے کردیا گیا ۔ انسپکٹر نے بتایا کہ 40 ہزار روپئے کے عوض 2 ماہ کے نومولود کو فروخت کیا گیا تھا ۔

TOPPOPULARRECENT