Monday , June 25 2018
Home / کھیل کی خبریں / پہلا ونڈے : پاکستان غیرمتاثرکن بولنگ کے باوجود کامیاب

پہلا ونڈے : پاکستان غیرمتاثرکن بولنگ کے باوجود کامیاب

لاہور ، 27 مئی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے زمبابوے کو پہلے ونڈے میں 41 رنز سے شکست دے کر تین میچ کی سیریز میں 1-0 سے سبقت حاصل کر لی۔ میزبان کپتان اظہر علی نے کل یہاں قذافی اسٹیڈیم میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو پہلی گیند سے درست ثابت ہوا۔ کپتان اظہر (79) نے ساتھی اوپنر محمد حفیظ (86) کے ساتھ پہلی وکٹ کیلئے 170 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹ

لاہور ، 27 مئی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے زمبابوے کو پہلے ونڈے میں 41 رنز سے شکست دے کر تین میچ کی سیریز میں 1-0 سے سبقت حاصل کر لی۔ میزبان کپتان اظہر علی نے کل یہاں قذافی اسٹیڈیم میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو پہلی گیند سے درست ثابت ہوا۔ کپتان اظہر (79) نے ساتھی اوپنر محمد حفیظ (86) کے ساتھ پہلی وکٹ کیلئے 170 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کی جیت بنیاد رکھی۔ اس کے بعد وکٹ پر شعیب ملک اور حارث سہیل یکجا ہوئے اور مہمان کھلاڑیوں کیلئے وکٹ کا حصول محال بنا دیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے تیسری وکٹ کیلئے 201 رنز کی شراکت قائم کی اور پاکستان کا ہمالیائی اسکور 375/3 ممکن ہوا، جوپاکستان کا وطن میں سب سے بڑا مجموعہ ہے۔ اس سے قبل 2008ء میں پاکستان نے زمبابوے کے خلاف ہی کراچی میں 347 رنز بنائے تھے۔ شعیب ملک اننگز کی آخری گیند پر آؤٹ ہوئے لیکن اس سے قبل وہ 75 گیندوں میں دو چھکوں اور 12 چوکوں سے مزین 112 رنز کی اننگز کھیل چکے تھے۔ یہ شعیب ملک کی ونڈے کرکٹ میں تیز ترین سنچری ہوئی۔ حارث 66 گیندوں پر دو چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے 89 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ جوابی اننگز میں زمبابوے کے اوپنرز نے بھی ٹیم کو 56 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا لیکن 65 کے مجموعے تک پہنچتے پہنچتے دونوں اوپنرز پویلین لوٹ چکے گئے۔ اس موقع پر کپتان ایلٹن چگمبورا اور تجربہ کار ہیملٹن مساکاڈزا نے ٹیم کو سنبھالا اور تیسری وکٹ کیلئے 124 رنز بنا کر پاکستانی ٹیم کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔

اس سے قبل کہ یہ شراکت پاکستان کیلئے مزید خطرناک بنتی، شعیب نے حماد اعظم کی مدد سے مساکاڈزا کو پویلین رخصت کیا، جنھوں نے آؤٹ ہونے سے قبل 73 رنز بنائے۔ اس کے بعد شان ولیمز وکٹ پر کپتان کا ساتھ نبھانے پہنچے اور دونوں بیٹسمنوں نے تیزی سے اسکور میں اضافہ کرتے ہوئے ٹیم اسکور کو 263 تک پہنچا دیا لیکن اسی اسکور پر ولیمز بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں وہاب ریاض کو وکٹ دے بیٹھے۔ دوسری جانب پر موجود مہمان کپتان نے چھکے سے اپنی شاندار سنچری مکمل کی اور پھر محمد سمیع کو ایک اوور میں تین چھکے لگا کر اپنے خطرناک عزائم ظاہر کئے لیکن وہاب نے اگلے ہی اوور میں ان کی وکٹیں بکھیر دیں۔ چگمبورا نے آؤٹ ہونے سے قبل چار چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 117 رنز بنائے۔ اس کے بعد کھیل محض رسمی کارروائی ثابت ہوا اور زمبابوے کی ٹیم نے مقررہ پچاس اوورز میں پانچ وکٹ کے نقصان پر 334 رنز بنائے اور پاکستان نے میچ میں 41 رنز سے فتح حاصل کر لی۔ یہ زمبابوے کا کسی بھی ٹسٹ کھیلنے والی ٹیم کے خلاف سب سے بڑا اسکور ہے۔ پاکستان کی جانب سے وہاب تین وکٹیں لے کر سب سے کامیاب بولر رہے جبکہ شعیب اور انور علی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ شعیب کو شاندار سنچری پر جو چھ سال بعد اسکور ہوئی، اس میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا میچ جمعہ 29 مئی کو کھیلا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT