Saturday , December 16 2017
Home / کھیل کی خبریں / پہلے دن کے مقابلوں کی 20 ہزار سے زائد ٹکٹیں فروخت

پہلے دن کے مقابلوں کی 20 ہزار سے زائد ٹکٹیں فروخت

فیفا انڈر 17 ورلڈ کپ

ممبئی۔ 26 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) فیفا انڈر 17 ورلڈ کپ جس کے افتتاحی دن 6 اکتوبر کو بی وائی پاٹل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے دو مقابلوں کے 20 ہزار ٹکٹیں فروخت ہوچکی ہیں۔ ذرائع کے بموجب 45 ہزار نشستوں کے اس میدان میں کھیلے جانے والے مقابلوں کے لئے 20 ہزار سے زائد ٹکٹیں فروخت ہوچکی ہیں جبکہ ٹورنمنٹ کے آغاز میں ہنوز 10 دنوں کا عرصہ باقی ہے۔ مزید کہا گیا ہے کہ 28 ستمبر کے بعد مذکورہ میدان کسی بھی وقت فیفا کے حوالے کردیا جائے گا۔ دریں اثناء بی وائی پاٹل اسٹیڈیم کو فیفا کے ایونٹ کیلئے مکمل طور پر تزئین نو کیا گیا ہے کیونکہ ہندوستان پہلی مرتبہ فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی کررہا ہے۔ ذرائع کے بموجب تمام نشستوں کو تبدیل کردیا گیا ہے تاکہ شائقین کو مختلف زاویوں سے مقابلے کا بہتر نظارہ یقینی طور پر دکھایا جاسکے۔ میدان میں نصب کی گئیں کرسیاں جنوبی کوریا سے درآمد کی گئی ہیں۔ بی وائی پاٹل اسپورٹس اکیڈیمی کے سینئر عہدیدار نے کہا کہ تمام نئی کرسیوں کو میدان میں نصب کردیا گیا ہے اور فیبرک کے نئے چھت کو بھی نصب کردیا گیا ہے جس سے ہر شائق کو مقابلہ کا بہتر نظارہ یقینی طور پر ملے گا نیز شائقین کیلئے یہ ایک اختراعی مشاہدہ ہوگا۔ جہاں تک میدان کی تزئین نو کا معاملہ ہے، کیمپس میں پریکٹس کیلئے دو میدان بالکل تیار ہیں اور یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ ٹورنمنٹ کیلئے کی جانے والی تمام تر تیاریاں اپنے اختتامی مرحلے میں داخل ہوچکی ہیں۔ ذرائع کے بموجب نوی ممبئی میونسپل کارپوریشن نے اتفاق کیا ہے کہ وہ قریبی ریلوے اسٹیشن سے میدان تک خصوصی بسیں بھی چلائیں گے۔

TOPPOPULARRECENT