Sunday , February 18 2018
Home / کھیل کی خبریں / پہلے دن 12 اوورس کا کھیل،ہندوستان17/3

پہلے دن 12 اوورس کا کھیل،ہندوستان17/3

کولکتہ۔16نومبر(سیاست ڈاٹ کام ) دنیا کی نمبر ایک ٹسٹ ٹیم ہندوستان کو سری لنکا کے خلاف پہلے ٹسٹ کے پہلے دن خراب موسم اورکم روشنی کے سبب کھیل کے سخت امتحان سے گزرنا پڑا جہاں صرف 11.5 اوور کا کھیل ممکن ہوسکا جس میں ہندوستان نے صرف17 رنز بناکر اپنے بیش قیمت تین وکٹ گنوا دیئے ہیں۔ہندوستانی ٹیم کو ٹاس ہارنے کے بعد کھیل کی پہلے ہی گیند پر اس وقت جھٹکا لگا جب اوپنر لوکیش راہول آؤٹ ہوئے ۔ اس کے بعد ہندوستانی ٹیم سنبھل نہیں سکی۔ پہلے دن11.5 اوور کے کھیل میں ہندوستان نے راہول (0 ) شکھردھون(8) اور کپتان وراہٹ کوہلی (0) کے وکٹ گنوا دیئے ۔ پہلے دن کے کھیل کے اختتام پر چتیشور پجارا 8 رنز اور نائب کپتان اجنکیا رہا نے کھاتہ کھولے بغیر کرس پر موجود تھے ۔سری لنکا کی جانب سے ہندوستان کے تینوں وکٹ سورنگا لکمل نے حاصل کئے۔لکمل نے نہایت خطرناک بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چھ اوور ڈالے اور یہ تمام میڈن رہے ۔ لکمل نے میچ کے پہلے ہی گیند پر راہول کو وکٹ کیبر نیروشن ڈکویلا کے ہاتھوں کیچ کروایا۔دھون کو انہوں نے اپنا دوسرا شکار بنایا ۔ دھون نے ایک خراب شاٹ کھیلا اور گیند ان کے بیٹ کا اندرونی کنارا لیتے ہوئے وکٹو ں سے ٹکرا گئی۔لکمل نے ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی کو اپنا تیسرا شکار بنایا جنہوں نے دس گیندیں کھیلی تھی اور گیارہویں گیند پر ایل بی ڈبلیو آوٹ ہوگئے ۔لکمل کی گیند وراٹ کے گھٹنوں کے پاس ٹکرائی امپائر نے سری لنکا کی کھلاڑیوں کی اپیل پر کوہلی کو آوٹ قرار دے دیا۔ کوہلی نے پجارا سے مشورہ کرنے کے بعد ڈی آر ایس کا اشارہ کیا۔ جہاں تھرڈ امپائر نے فیلڈ امپائر کے فیصلے کو درست قرار دیا۔کوہلی61 ٹسٹ میچوں میں چھٹی مرتبہ اور سری لنکا کے خلاف سات ٹسٹ میچوں میں پہلی مرتبہ صفر پر آوٹ ہوئے ۔

 

TOPPOPULARRECENT