Thursday , December 14 2017
Home / شہر کی خبریں / پیاز کی قیمت میں اچانک اضافہ فی کیلو 40 روپئے

پیاز کی قیمت میں اچانک اضافہ فی کیلو 40 روپئے

آئندہ چند دنوں میں مزید اضافہ کا امکان ۔ دیوالی کے باعث مارکٹ بند
حیدرآباد ۔ 17 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : ریاستی پیاز کی مارکٹ میں پیاز کی درآمد میں کمی واقع ہوئی ہے ایک دو روز قبل تک مارکٹ میں پیاز 20 ، 25 روپئے فی کیلو تھی جو اچانک دو گنی قیمت پر فروخت کی جارہی ہے اور ریٹیل مارکٹ میں پیاز فی کلو 40 روپئے فروخت ہورہی ہے ۔ پیاز تاجرین کا کہنا ہے کہ آئندہ چند دنوں میں پیاز کی قیمتوں میں اور بھی اضافہ ہونے کے اندیشے ہیں کیوں کہ ہول سیل پیاز تاجرین مصنوعی قلت پیدا کرسکتے ہیں۔ دیگر ریاستیں جیسے مہاراشٹرا ، گجرات ، مدھیہ پردیش ، راجستھان اور آندھرا پردیش سے ریاست میں پیاز درآمد کی جاتی ہے اور ان تمام ریاستوں میں سب سے زیادہ مہاراشٹرا سے پیاز درآمد کی جاتی ہے ۔ مہاراشٹرا میں واقع سب سے بڑی پیاز مارکٹ میں ہی پیاز کی قیمتوں میں 10 دن کے اندر 80 فیصد اضافہ ہونے کی اطلاعات ہیں ۔ علاوہ ازیں سال گزشتہ پیاز قابل لحاظ قیمت پر فروخت نہ ہونے کی وجہ سے امسال پیاز کی پیداوار میں کمی واقع ہوئی ہے ۔ جس کی وجہ سے ملک میں جنوبی ہند کی ریاستوں میں پیاز کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے اور دیوالی تہوار کی مناسبت سے مہاراشٹرا میں پیاز کی منڈیوں کو ایک ہفتہ کی تعطیل ہوتی ہے جس کی وجہ سے پیاز کی قیمتوں میں اضافہ ہورہا ہے جب کہ ریاست تلنگانہ کی مارکٹس میں موجود پیاز ماہ مارچ اور اپریل میں کاٹی گئی فصل سے حاصل کردہ ہی ہے اور محفوظ رکھی گئی ۔ پیاز میں 30 فیصد شدید بارش کی وجہ سے خراب ہوگئی ہے ۔ مہاراشٹرا سے پیاز درآمدی میں کمی اور ریاست میں بھاری بارش اور سیلابوں کی وجہ سے پیاز مارکٹ میں کمی ہوئی ہے ۔ ریاست کے اضلاع محبوب نگر ، ونپرتی ، ناگر کرنول ، گدوال ، اور وقار آباد میں صرف 10 ہزار ایکڑ پر ہی پیاز کی پیداوار کی گئی ہے ۔ جس کی وجہ سے ریاستی ضرورت کی تکمیل نہیں ہو پارہی ہے ۔ ان وجوہات کی آڑ میں پیاز کے تاجرین پر قیمتوں میں اضافہ کرنے کا الزام ہے ۔ وزارت مارکیٹنگ کے سکریٹری پارتھا سارتھی نے بتایا کہ مہاراشٹرا سے درآمدی میں کمی اور ذخیرہ کردہ پیاز بارش کی وجہ سے تباہ ہونے پر قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے ۔ مگر یہ وقتی اضافہ ہوگا جلد از جلد قیمتوں پر قابو پالیا جائے گا ۔۔

TOPPOPULARRECENT