Wednesday , November 22 2017
Home / شہر کی خبریں / پیاز کی قیمت 100 روپئے فی کیلو تک بھی پہونچ سکتی ہے

پیاز کی قیمت 100 روپئے فی کیلو تک بھی پہونچ سکتی ہے

تلنگانہ اور مہاراشٹرا میں ناکافی بارش سے فصلوں کو نقصان اور پیداوار میں کمی
حیدرآباد 25 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) پیاز کی قیمتوں میں ہولناک اضافہ کا رجحان بدستور برقرار ہے اور ٹھوک فروشی کے مارکٹ پر گہری نظر رکھنے والے تجزیہ نگاروں نے کہا ہے کہ پیاز کی قیمت جو گزشتہ 5,000 تا 5,500 روپئے فی کنٹل تھیں، رواں ہفتہ 6,500 تا 7,000 روپئے فی کنٹل تک پہونچ گئیں اور اندیشہ ہے کہ آئندہ ہفتہ یا اس کے بعد فی کنٹل پیاز کی قیمتیں آسمان چھونے لگیں گی اور ریٹیل مارکٹ میں 100 روپئے کیلو کی قیمت پر پیاز فروخت ہوسکتی ہے بلکہ اس (قیمت) میں مزید اضافہ بھی ہوسکتا ہے۔ پیاز کی آسمان چھوتی قیمتوں پر کنٹرول کے لئے ریاستی حکومت کی طرف سے اگرچہ کئی اقدامات کئے گئے ہیں لیکن بازار میں پیاز کی قیمت اور معمول کی طلب میں تفاوت اس قیمت میں مسلسل اضافہ کی بنیادی وجہ ہے۔ تلنگانہ زرعی کمیشن کی ایڈیشنل ڈائرکٹر مارکٹنگ لکشمی بائی نے کہا ہے کہ ’’ٹھوک بازار میں پیاز کی دستیابی دن بہ دن کم ہوتی جارہی ہے جس کے پیش نظر پیاز کی قیمتوں میں بھاری اضافہ ہوسکتا ہے اور اندیشہ ہے کہ آئندہ ہفتہ پیاز کی قیمت 100 روپئے فی کیلو تک پہونچ جائے گی‘‘۔ تلنگانہ میں ناکافی بارش سے اگرچہ تقریباً تمام ہی فصلیں بُری طرح متاثر ہوئی ہیں لیکن پیاز کی قیمتوں میں اضافہ نہ صرف تلنگانہ بلکہ بالخصوص مہاراشٹرا میں ناکافی بارش اہم وجہ ہے۔ کیوں کہ پیاز کی پیداوار میں مہاراشٹرا سرفہرست ہے جہاں اس سال معمول سے بہت کم بارش کے سبب کئی حصوں میں خشک سالی کے بادل منڈلا رہے ہیں۔ مہاراشٹرا کے ضلع ناسک سے سارے ملک کو پیاز سربراہ کی جاتی ہے جس کے سبب ناسک کو پیاز کی قومی مارکٹ کی اہمیت بھی حاصل ہے۔ ناسک سے منگوائی جانے والی پیاز ریٹیل بازار میں نسبتاً اضافی قیمت میں فروخت کی جارہی ہے۔ تلنگانہ حکومت کی جانب سے رعیتو بازاروں کے ذریعہ ایک خاندان کو 20 روپئے فی کیلو سبسیڈی قیمت پر دو کیلو پیاز فروخت کی جارہی ہے۔ لیکن گزشتہ روز (دوشنبہ کو) رعیتو بازاروں کے خصوصی کاؤنٹرس پر 20 روپئے کیلو پیاز فروخت نہیں کی گئی جس کے نتیجہ میں سینکڑوں صارفین کو خالی ہاتھ واپس ہونا پڑا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق حیدرآباد میں ٹھوک فروشی کے مراکز پر روزانہ 48 ٹن پیاز فروخت کی جاتی ہے جبکہ ریاست تلنگانہ میں یومیہ 125 ٹن پیاز فروخت کی جاتی ہے۔ رعیتو بازاروں کے سیلز کاؤنٹرس پر روزانہ 8 بجے صبح تا دوپہر ایک بجے اور سہ پہر 3 بجے تا 8 بجے شام اپنی شناخت کا ثبوت پیش کرتے ہوئے رعایتی قیمت دو کیلو پیاز حاصل کی جاسکتی ہے۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT