Wednesday , December 13 2017
Home / شہر کی خبریں / پیراڈائز ہوٹل کے شمالی ہند میں توسیع دینے کی تجویز

پیراڈائز ہوٹل کے شمالی ہند میں توسیع دینے کی تجویز

جنوبی ہند میں کامیاب تجارت ، بریانی و دیگر اشیاء پر عوامی پذیرائی ، گوتم گپتا سی ای او کا بیان
حیدرآباد۔18اکٹوبر(سیاست نیوز) پیراڈائیز ہوٹل کی بریانی کے شائقین کو اب شمالی ہند میں بھی بریانی و دیگر اشیائے خورد و نوش دستیاب ہونے لگیں گے۔ پیراڈائیز گروپ نے جنوبی ہند میں اپنے آؤٹ لیٹس کھولنے کے بعد ملک کے شمالی حصہ میں بھی قدم جمانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس مقصد کیلئے 100 کروڑ تک کی سرمایہ کاری کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ حیدرآباد و سکندرآباد کے شائقین مغلائی کو معیاری اشیائے تغذیہ کی فراہمی کے لئے گذشتہ 60برسوں سے اس شعبہ میں سرگرم پیراڈائیز ہوٹل کے مالکین نے گذشتہ برسوں کے دوران جنوبی ہند کی ریاستوں اور شہروں میں 22آؤٹ لیٹس کا آغاز کیا تھا اور اس کے ذریعہ 5شہروں میں ہوٹلوں کی شروعات کی گئی جہاں انہیں زبردست کامیابی حاصل ہورہی ہے اور اس کامیابی کو دیکھتے ہوئے پیراڈائیز گروپ اب شمالی ہند کی ریاستوں اور شہرو ںمیں شروعات کرنے کی منصوبہ بندی کرچکا ہے۔ مسٹر گوتم گپتا چیف ایگزیکیٹیو آفیسر پیراڈائیز نے بتایا کہ شمالی ہند میں پیراڈائز نے اپنا پہلا آؤٹ لیٹ گرو گرام میں شروع کردیا ہے جو کہ جنوبی ہند کے آؤڈ لیٹس کے علاوہ ہے۔پیراڈائیز کی بریانی کے دلدادہ و شائقین میں نہ صرف ہندستانی شہری شامل ہیں بلکہ بیرون ملک سے آنے والے سیاح بھی اس ہوٹل کا رخ کرتے ہی ہیں ۔ چند برس قبل کانگریس نائب صدر مسٹر راہول گاندھی بھی اس بات کا انکشاف کرچکے ہیں کہ وہ بھی پیراڈائیز ہوٹل کی بریانی کے دلدادہ ہیں۔پیراڈائیز نے گذشتہ چند برسوں کے دوران 22آؤٹ لیٹس کے آغاز کے ذریعہ اپنے چین بزنس کی شروعات کی تھی اور عوامی پذیرائی کو دیکھتے ہوئے تجارت کو مزید وسعت دینے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے ۔مسٹر گوتم گپتا نے بتایا کہ آئندہ سال کولکتہ میں بھی پیراڈائیز کے آؤٹ لیٹ کے آغاز کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے اور اسکے علاوہ دہلی اترپردیش ‘ مدھیہ پردیش‘ راجستھان کے علاوہ دیگر ریاستوں میں جہاں گوشت خور اور ذائقہ کے دلدادہ افراد کی بڑی تعداد موجود ہے ان شہروں تک بھی توسیع کئے جانے کا منصوبہ ہے۔ مسٹر کاظم ہمتی ڈائریکٹر پیراڈائیز فوڈ کورٹس نے بتایا کہ گروپ کی جانب سے جو منصوبہ بندی کی جا رہی ہے اس میں خانگی شراکت داری و سرمایہ کاری کی گنجائش موجود ہے اور پیراڈائیز گروپ عالمی سطح پر موجود بریانی کے شائقین تک بریانی پہنچانے کے لئے سرگرم عمل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سال گذشتہ گروپ نے 220 کروڑ کی تجارت تک رسائی حاصل کی تھی جبکہ جاریہ سال 300 کروڑ کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے اور توقع ہے کہ اس نشانہ کی تکمیل مالی سال کے اختتام سے قبل کرلی جائے گی۔مسٹر کاظم ہمتی نے بتایا کہ اگلے 5برسوں کے دوران گروپ نے 1000 کروڑ کا منصوبہ تیار کیا ہے اور اس نشانہ کی تکمیل کیلئے تجارت کو وسعت دینے کی حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے۔

TOPPOPULARRECENT