Friday , November 24 2017
Home / سیاسیات / پیرس حملہ پر اعظم خان کا تبصرہ بی جے پی چراغپا، کارروائی کا مطالبہ

پیرس حملہ پر اعظم خان کا تبصرہ بی جے پی چراغپا، کارروائی کا مطالبہ

سنبھل (یوپی) ۔ 16 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ریاستی وزیر اعظم خان نے پیرس دہشت گرد حملہ کو یہ کہتے ہوئے کہ ’’سوپر پاورس‘‘ کو سوچنا چاہئے کہ کیا یہ ’’بے قصور افراد کی ہلاکتوں کا ردعمل‘‘ تو نہیں ہے۔ ایک نیا تنازعہ کھڑا کردیا ہے۔ بی جے پی چراغپا ہوگئی اور اس نے اعظم خان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ اعظم خان سماج وادی پارٹی کے سینئر قائد ہیں۔ انہوں نے پیرس میں دہشت گرد حملوں کی مذمت کرنے کے ساتھ ساتھ یہ مسئلہ بھی آیا کہ عرب ممالک میں امریکہ اور روس کی کارروائی سے بے قصور لوگ مارے جارہے ہیں، جس کا کوئی جواز نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے پیرس میں جو کچھ کیا وہ غلط ہے لیکن کیا عرب ملکوں پر حملے اور بے قصور افراد کی ہلاکتیں جو امریکہ اور روس کی جانب سے کی جارہی ہیں، جائز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں دیکھنا چاہئے کہ کون ہلاک ہوا ہے۔ اس کے بعد ہی ردعمل ظاہر کرنا چاہئے۔ یہ ایک قابل بحث مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ بے قصور افراد کو ہلاک کرنے کیلئے ڈرون طیاروں سے بمباری کرتے ہیں۔ یہ فیصلہ تاریخ ہی کرے گی کہ دہشت گرد کون ہے اور کون غلطی پر ہے۔ اعظم خان کے بیان پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے بی جے پی نے ان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا اور سماج وادی پارٹی کی قیادت کو چیلنج کیا کہ اپنا موقف برسرعام ظاہر کرے۔ بی جے پی نے کہا کہ بصورت دیگر وہ اسے دہشت گردی کی تائید تصور کرے گی۔

TOPPOPULARRECENT