Tuesday , December 19 2017
Home / عرب دنیا / پیرس حملے انسانی قدروں کی خلاف ورزی ہیں، عالم عرب کا ردعمل

پیرس حملے انسانی قدروں کی خلاف ورزی ہیں، عالم عرب کا ردعمل

ریاض؍دوحہ۔ 14 نومبر۔(سیاست ڈاٹ کام) دنیا بھر کی طرح عرب ملکوں نے بھی جمعہ کی شب پیرس میں بیک وقت ہونے والی دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں بڑے پیمانے پر ہلاکتوں پر رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے ان حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔ پیرس حملوں کی مذمت کرنے والے عرب ملکوں میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، کویت، قطر اور مصر نمایاں ہیں۔سعودی عرب کی وزارت خارجہ کے ذرائع نے کہا کہ ’’مملکت دہشت گرد دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس کڑے وقت میں فرانس کے ساتھ عالمی یکجہتی کی ضرورت پر زور دیتی ہے اور اس امر کا اعادہ کرتا ہے کہ عالمی برادری پوری دنیا کی سلامتی اور استحکام کو نشانہ بنانے والے اس خطرناک اور تباہ کن ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے متحدہ ہو جائے‘‘۔قطر کے وزیر خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ پیرس حملے تمام انسانی اور اخلاقی اقدار کی خلاف ورزی ہیں۔ قطری حکومت پیرس حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے جس میں اتنی بڑی تعداد میں انسانی جانوں کا ضیاع ہوا۔ متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید آل نہیان نے فرانسیسی صدر فرانسوا اولاند سے پیرس حملوں پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ شیخ خلیفہ نے فرانس میں ہونے والی دہشت گرد کارروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔مصر کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے اظہار تعزیت کرتے ہوئے پیرس سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ قاہرہ وزارت خارجہ کے ایک ذریعے نے بتایا کہ ایسے دہشت گرد حملے امن پسند ملکوں کو کمزور نہیں کر سکتے۔کویت کے امیر شیخ صباح الصباح نے صدر اولاند کے نام تعزیتی پیام میں دہشت گردی کے مجرمانہ اعمال کی شدید مذمت کی ہے۔ یہ حملے اسلام اور انسانی اقدار کی صریح خلاف ورزی ہیں۔ترک صدر رجب طیب اردوغان نے پیرس حملوں پر دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ تمام بین الاقوامی برادری دہشت گردی کے خلاف اتفاق رائے پیدا کرے۔

TOPPOPULARRECENT