Monday , December 11 2017
Home / دنیا / پیرس میں ایک اور ’دھماکہ خیز بیلٹ‘ برآمد

پیرس میں ایک اور ’دھماکہ خیز بیلٹ‘ برآمد

بروسلز ۔ 24 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) 13 نومبر کو پیرس میں متعدد خودکش دھماکوں اور فائرنگ سے 130 افراد ہلاک ہوئے تھے۔پولیس کا کہنا ہے کہ یہ بیلٹ شہر کے اس نواحی علاقے سے ملی جہاں سے حملہ آوروں کے کارروائی کے بعد گزرنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ادھر بلجیم میں بدستور سکیورٹی ہائی الرٹ ہے اور دارالحکومت برسلز میں منگل کو بھی اسکول اور میٹرو ٹرین سروس بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ بلجیم میں حکام کو خدشہ ہے کہ وہاں بھی پیرس کی طرز پر حملے ہو سکتے ہیں۔ خیال رہے کہ پیرس حملوں میں ملوث کم از کم ایک مبینہ حملہ آور صالح عبدالسلام بلجیم میں ہی رہائش پذیر تھا اور وہ اب مفرور ہے۔ فرانسیسی پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکہ خیز مواد سے بھری بیلٹ پیر کو مونٹروج کے علاقے میں صاف صفائی کرنے والوں کو ایک کوڑے دان سے ملی۔ حکام کے مطابق یہ بیلٹ اسی طرح کی ہے جیسی 13 نومبر کے حملوں میں استعمال ہوئی جبکہ بیلٹ کے ساتھ ڈیٹونیٹر موجود نہیں تھا۔ پیرس حملوں کی تحقیق کرنے والے حکام کے مطابق موبائل ڈیٹا سے پتہ چلا ہے کہ مفرور مبینہ حملہ آور صالح عبدالسلام 13 نومبر کو اس علاقے میں تھا۔ صالح کا ایک بھائی پیرس میں خودکش دھماکے کرنے والوں میں شامل تھا اور ایک خیال یہ ہے کہ صالح بھی خودکش دھماکہ کرنے کا ارادہ رکھتا تھا تاہم وہ اس منصوبے کو عملی جامہ نہیں پہنا سکا۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT