Monday , December 18 2017
Home / Top Stories / پیرو کا بڑا اَپ سٹ، برازیل کوپا امریکا کپ سے باہر

پیرو کا بڑا اَپ سٹ، برازیل کوپا امریکا کپ سے باہر

متنازعہ ’ہینڈ گول‘ پر احتجاج ۔ پانچ مرتبہ کے ورلڈ چمپینس کا 30 سال میں پہلی بار براعظمی ٹورنمنٹ سے گروپ مرحلے میں اخراج

فاکسبرو (امریکہ)، 13 جون (سیاست ڈاٹ کام) پیرو کے روال روئدیز کے متنازعہ ’ہینڈ گول‘ نے برازیل کو کوپا امریکا کپ کی دوڑ سے باہر کردیا۔ امریکہ میں جاری کوپا امریکا کپ کے صد سالہ ایڈیشن میں گروپ ’بی‘ کے آخری میچ میں اسٹار نیمار کی عدم موجودگی میں بزاریلی ٹیم پیرو کے مدمقابل آئی۔ پانچ مرتبہ کے ورلڈ چمپینس برازیل کو 30 برس میں پہلی بار اس براعظمی ٹورنمنٹ کے گروپ مرحلے میں ہی ایونٹ سے خارج ہونا پڑا ہے۔ برازیل نے پیرو کے خلاف گزشتہ 16 میچز جیت رکھے تھے لیکن اتوار کو منعقدہ میچ میں اسے پیرو کے مقابل 0-1 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ یہ گول میچ کے 75ویں منٹ میں پیرو کے متبادل کھلاڑی روال نے اسکور کیا اور برازیل اس خسارے کو میچ کے اختتام تک برابر نہیں کر سکا۔ میچ کے پہلے ہاف میں دونوں ہی حریفوں نے ایک دوسرے کے خلاف گول کرنے کی بھرپور کوشش کی لیکن ان کی یہ کوشش کارگر ثابت نہ ہوئی اور پہلے ہاف کے اختتام پر مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔دوسرے ہاف کے بھی اکثر حصے میں بھی معاملہ کچھ مختلف نہ تھا لیکن 75ویں منٹ میں پیرو کے متبادل کھلاڑی روال نے ہاتھ سے گیند کو جال کی راہ دکھائی۔ حریف برازیلی کھلاڑیوں نے اس متنازعہ گول کے خلاف شدید احتجاج کیا کیونکہ ٹیم کا موقف تھا کہ پیرو کے کھلاڑی روال نے فٹبال کا کنٹرول حاصل کرنے کیلئے بازو کا استعمال کیا۔ اس پر ریفری نے چوتھے آفیشل سے رابطہ کیا۔ تاہم اس نے بھی گول دینے کے فیصلے کو برقرار رکھا۔ اس طرح برازیل کا احتجاج ریفری سے فیصلہ تبدیل نہ کرا سکا اور یوں پیرو نے میچ میں برتری حاصل کی۔ میچ کے اختتام تک برازیلی ٹیم پیرو کے خلاف کوئی گول نہ کرسکی اور اس طرح برازیل کا سفر پری کوارٹر فائنل میں ختم ہوگیا۔ 8 بار کوپا امریکا کپ جیتنے والا برازیل اپنے گروپ میچز میں ایکواڈور اور پیرو کے خلاف کوئی گول نہ کرسکا۔ البتہ ہیتی کے خلاف 1-7 سے بڑی کامیابی حاصل کی تھی۔ برازیلی کوچ ڈونگا نے میچ ریفری کے فیصلے پر سخت احتجاج کرتے کہا کہ سب کو نظر آرہا تھا کہ یہ ’ہینڈ گول‘ ہے لیکن ریفری نے اس کو گول قرار دے کر متنازعہ فیصلہ دیا ہے۔ برازیل کی شکست کے بعد کوچ ڈونگا کی نوکری بھی خطرے میں پڑ گئی ہے۔ اس ضمن میں انھوں نے کہا کہ ’’میں نوکری چلی جانے سے نہیں ڈرتا، مجھے صرف موت سے ڈر لگتا ہے‘‘۔ پیرو کے روال روئیدیاز نے ارجنٹائنی لجنڈ فٹبالر ماراڈونا کے 1986ء میں انگلینڈ کے خلاف متنازعہ گول کی یاد تازہ کردی۔ ماراڈونا کو اس گول کے بعد ’ہینڈ آف گاڈ‘ کہا جانے لگا تھا۔ کوارٹر فائنلز میں پیرو کا مقابلہ کولمبیا سے ہو گا جبکہ امریکا اور ایکواڈور بھی کوارٹرز میں جگہ بنا چکے ہیں لیکن اب بھی چار ٹیموں کی قسمت کا فیصلہ ہونا باقی ہے۔

TOPPOPULARRECENT