Saturday , October 20 2018
Home / شہر کی خبریں / پیوپلز پلازا کے روبرو گوکارٹنگ کی سہولت فراہم کرنے کی تجویز

پیوپلز پلازا کے روبرو گوکارٹنگ کی سہولت فراہم کرنے کی تجویز

ایچ ایم ڈی اے کا منصوبہ ، انڈور گیمس اسٹیڈیم بھی تعمیر کیا جائے گا
حیدرآباد۔6جون(سیاست نیوز) تشکیل تلنگانہ سے اب تک حکومت کی جانب سے شہریان حیدرآ باد کو کئی خواب دکھا ئے گئے اور اب نکلس روڈ پر ایک اور خواب دیکھا جانے لگا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ حیدرآباد میٹروپولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کی جانب سے پیپلز پلازا کے روبرو واقع کھلی اراضی پر ’’گو کارٹنگ‘‘ کی سہولت کا آغاز کیا جائے گا۔ حسین ساگر کو سیاحتی مقام کے طور پر فروغ دینے کے علاوہ نکلس روڈ کے متعلق متعدد منصوبہ جات کے اعلانات کے دوران کئے گئے اس اعلان کا حشر بھی کہیں فضائی سیاحت اور Sea Plane کی طرح نہ ہو جائے۔ حکومت کی جانب سے شہر حیدرآباد بالخصوص حسین ساگر میں پانی کے جہاز چلانے کے علاوہ پانی میں چلنے والی بسیں چلانے کا اعلان کیا گیا تھا تاکہ سیاحوں کو تفریح کے مواقع دستیاب رہیں۔ اس کے علاوہ حکومت نے حسین ساگر سنجیویا پارک کے قریب واقع اراضی پر ہمہ منزلہ عمارتوں کی تعمیر کا اعلان کیا تھا ۔ اسی طرح حسین ساگر کو خالی کرتے ہوئے اس کی مکمل صفائی کا اعلان اقتدار حاصل کرتے ہی کیا گیا تھا لیکن ان 4سالوں میں حسین ساگر سے آلودہ پانی کی نکاسی کے انتظامات کو بھی ممکن نہیں بنایا گیا بلکہ کروڑہا روپئے کے پراجکٹ کے باوجود حسین ساگر میں آلودگی برقرار ہے۔کمشنر حیدرآباد میٹروپولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی مسٹرٹی چرنجیولو کے مطابق ایچ ایم ڈی اے کی جانب سے جو منصوبہ تیار کیا گیا ہے اس منصوبہ کے تحت نکلس روڈ پر واقع کھلی اراضی پر گو کارٹنگ اور انڈور گیمس کیلئے اسٹیڈیم کی تعمیر کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے اور اس منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے کی حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے اور کہا جا رہاہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے منظوری کے حصول کے بعد اس کی تعمیر اور اراضی کی حوالگی خانگی فرم کو کردی جائے گی جو گو کارٹنگ ٹریک کے علاوہ دیگر کھیلوں کے کے ساتھ امیوزمینٹ پارک کی تعمیر کو ممکن بنائے گی۔ کمشنر ایچ ایم ڈی اے کے مطابق گو کارٹنگ ٹریک کی تعمیر کیلئے نکلس روڈ پر 2.5ایکڑ اراضی کی نشاندہی کرتے ہوئے ایچ ایم ڈی اے کی جانب سے واپس حاصل کرتے ہوئے اس ادارہ کو حوالہ کی جا رہی ہے جو اس جگہ پر گو کارٹنگ ٹریک کی تعمیرعمل میں لائے گا۔باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق سالانہ 55لاکھ روپئے کرایہ پر 2.5ایکڑ اراضی خانگی ادارہ کے حوالہ کردی گئی ہے اور فن فرسٹ کانسپٹ و لیزر انٹرٹینمنٹ نے اس اراضی پر کھیل کود کی سرگرمیوں کے لئے 5 کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا ہے اور جتنا جلد ہو سکے اس اراضی پر تعمیری سرگرمیاں شروع کرنے کا ارادہ ہے۔ کمپنی کے ذرائع کے مطابق حکومت تلنگانہ اور ایچ ایم ڈی اے کی جانب سے کی گئی پیشکش اور ٹنڈر کے ذریعہ یہ جگہ حاصل کی گئی ہے ۔ حسین ساگر کے اطراف ترقیاتی کاموں میں سب سے آخرمیں کئے گئے اس اعلان پر عمل آوری کے امکانات نظر آرہے ہیں کیونکہ اس کام کی انجام دہی کیلئے خانگی کمپنی کا انتخاب عمل میں لایا گیا ہے جبکہ اب تک جتنے اعلانات کئے گئے ہیں ان کے تعلق سے نہ ہی محکمہ سیاحت کی جانب سے کچھ کہا جا رہا ہے اور نہ ہی ایچ ایم ڈی اے کی جانب سے کوئی عملی اقدامات کئے گئے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT